غلام محمد
سوپور // بارہمولہ ضلع میں سوپور کی گجر پتی زلورہ جنگلاتی علاقے میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشن کے دوران ایک فوجی مارا گیا۔پولیس نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز بشمول پولیس، سی آر پی ایف اور 22 راشٹریہ رائفلزنے جنگلاتی علاقے کو گھیرے میں لے لیا جہاں مبینہ طور پر ملی ٹینٹ ایک ٹھکانے میں چھپے ہوئے تھے۔پولیس کے مطابق دو ملی ٹینٹوں کے اندر پھنسے ہونے کا خدشہ تھا، جس کے بعد آپریشن شروع کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اتوار کی شام ملی ٹینٹوں کے ایک مشتبہ ٹھکانے کے نزدیک فائرنگ ہوئی اور طرفین کے دوران فائرنگ کا تبادلہ مختصر وقت کیلئے ہوا تاہم بعد میں خاموشی چھا گئی۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کی کڑی ناکہ بندی کی گئی اور تلاشی آپریشن پیر کی صبح تک ملتوی کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی جو مشترکہ فورسز کی پیش قدمی ٹیم کا حصہ تھا ،شدید زخمی ہوگیا۔ جسے طبی مرکز منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ سرینگر میں قائم چنار کور نے کہا کہ جاری آپریشن کے دوران ایک فوجی شدید زخمی ہوا۔چنار کور نے کہا کہ آپریشن جاری ہے۔اتوار کو دیر گئے، فوج نے کہا کہ مشتبہ سرگرمیوں سے متعلق انٹیلی جنس ان پٹ ملنے کے بعد آپریشن کیا گیا۔پیر کی صبح تلاشی آپریشن دوبارہ شروع کرنے کے دوران ایک بار پھر فائرنگ کا تبادلہ ہوا لیکن بعد میں پھر خاموشی چھا گئی۔علاقے کا محاصرہ جاری ہے اور جنگلاتی علاقے میں ممکنہ طور پر موجود ملی ٹینٹوں کی تلاش دوسرے روز بھی جاری ہے۔