کولگام// جنوبی ضلع کولگام کے ریڈونی بالا علاقہ میں شبانہ تصادم آرائی کے دوران 2مقامی جنگجو جاں بحق ہو گئے ۔ جنگجو مخالف آپریشنوں میںگزشتہ پانچ روز کے دوران یہ پانچویں جھڑپ تھی۔ پولیس کے مطابق ریڈونی بالا علاقے میں دو جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فسٹ آر آر اور 18بٹالین سی آر پی ایف کیساتھ مشترکہ طور پر بدھ کی شام دیر گئے آپریشن شروع کیا گیا اور علاقے کے سبھی راستے بند کر کے تلاشی کارروائی شروع کی گئی۔پولیس کے مطابق رات کے 10بجکر 40منٹ پر طرفین کا آمنا سامنا ہوا اور فائرنگ کا آغاز ہوا۔پولیس نے کہا کہ مشتبہ مکان کے ارد گرد رشنیوں کا انتظام کیا گیا اور دونوں ملی ٹینٹوں کو ہتھیار چھوڑنے کی پیش کش کی گئی لیکن انہوں نے سرنڈر کرنے سے انکار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ رات کے 2بجکر 20منٹ تک طرفین کے درمیان لگاتار فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا جس کے بعد مظفر احمد ڈار کے یک منزلہ مکان کو اڑایا گیا۔بارودی مواد سے مکان اڑانے کے بعد فائرنگ کا سلسلہ رک گیا تاہم صبح ہونے تک آپریشن ملتوی کیا گیا اور صبح 8بجے دو جنگجوئوں کی لاشیں بر آمد کی گئیں۔پولیس نے کہا کہ مہلوک ملی ٹینٹوں کی شناخت عامر بشیر ڈار عرف دانش ساکن کجر یاری پورہ اور عادل یوسف شان ولد سرسنو ہٹی پورہ کولگام کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس کا مزید کہا ہے کہ عامر بشیر اپریل 2021جبکہ عادل یوسف اکتوبر 2021میں جنگجوئوں کی صف میں شامل ہوئے تھے۔پویس نے کہا کہ مہلوک جنگجوئوںکی ہلاکت کے سلسلے میں کیس رجسٹر کیا گیا ہے اور انکی تحویل سے اسلحہ بھی بر آمد کیا گیا۔
مینڈھر حد متارکہ پر برادر کشی
صوبیدار کو سپاہی نے ہلاک کردیا
جاوید اقبال
مینڈھر//پونچھ ضلع کے مینڈھر سب ڈویژن علاقے میں لائن آف کنٹرول پر ایک صوبیدار رینک کے فوجی اہلکار کی پراسرار حالت میں موت ہو گئی جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔تاہم بتایا جاتا ہے کہ اسے ساتھی اہلکار نے گولیاں مار کر ہلاک کردیا، جس کے بعد مذکورہ فوجی کو حراست میں لیا گیا ہے۔ہلاک ہونے والے فوجی اہلکار کی شناخت 15راج رائفلز کے صوبیدار جسبیر سنگھ کے طور پر کی گئی ہے جو پونچھ ضلع کے مینڈھر سب ڈویژن کے بالا کوٹ سیکٹر میں ایل او سی پر تعینات تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ صوبیدارفوج کی اگلی پوسٹ پر تعینات تھا اور گولی لگنے سے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ اسے اپنے ساتھی اہلکار سپاہی لکشمی نارائن نے کسی بات پر جھگڑا ہونے کی وجہ سے گولیاں ماریں ، جس سے وہ ہلاک ہوا۔سپاہی لکشمی نا رائن کو قابو کر کے زیر حراست رکھا گیا ہے۔ جاں بحق اہلکار کی لاش کو مینڈھر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جہاں پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
بی ایس ایف افسر کی خود کشی کی کوشش
تشویشناک حالت میں اسپتال داخل
ظفر اقبال
اوڑی//سرحدی حفاظتی فورس( بی ایس ایف) کے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر نے خودکشی کرنے کی کوشش کی۔ اسکی حالت انتہائی نازک قرار دی جارہی ہے۔ اوڑی کے سب سیکٹر گوہالن میں چاندپوسٹ پر تعینات 104 بٹالین بی ایس ایف کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر شیوا جی یادونے اپنی سروس رائفل کا استعمال کرتے ہوئے خود پر گولیاں چلائیں۔اسکے سینے میں دو گولیاں پیوست ہوئی ہیں اور اسے تشویشناک حالت میں 92 بیس ہسپتال سرینگر منتقل کیا گیا۔اسکی حالت نازک قرار دی جارہی ہے۔