سرینگر// انتظامیہ نے شوپیان اور گاندربل کے تین دیہات اور حاجن کی 4بستیوں کو ریڈ زون قرار دینے کے بعد حکام نے مزید کئی دیہات کو خطرہ کے دائرے میں لایا ہے۔ضلع مجسٹریٹ سرینگر کے احکامات کے تحت نٹی پورہ، مہجور نگر، لالبازار، عیدگاہ، شالہ ٹینگ اور بمنہ کو ریڈزون قرار دیا گیا ہے جہاں حالیہ ایام میں کورونا وائرس سے کئی افراد متاثر پائے گئے ہیں۔اسکے علاوہ چاڑورہ بڈگام کو بھی ریڈ زون قرار دیا گیا ۔ ان سبھی دیہات اور علاقوں کو سکٹی کیساتھ زیر نگرانی رکھا جارہا ہے تاکہ وائرس سے متاثرین کی تعداد کا پتہ لگایا جاسکے۔واضح رہے کہ پیر کو شوپیان ضلع کے دو دیہات سیدھو اور رام نگری کے دو نوجوانوں کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد دونوں گائوں کو ریڈ زون قرار دیگر یہاں مکمل بندشیں عائد کردی گئیں۔آونیورہ زینہ پورہ نامی گائوں کو بھی زیر نگرانی رکھا گیا ہے۔ پلوامہ ضلع میں پہلے ہی ایک نوجوان کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انتظامیہ نے کھیگام ،سنگر ونی ،ابہامہ،گڈورہ، چندگام ،پنگلنہ اور پاریگام کو ریڈ زون قرار دیکر پلوامہ چکورہ،نیوہ پاریگام اور پلوامہ کیلر روٹوں پر ہر طرح کی آمد و رفت بند کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔ضلع انتظامیہ گاندربل نے مضافاتی گائوں واسکورہ کو ریڈ زون قرار دیا ہے۔واسکورہ کے تین کلومیٹر ارد گرد بٹہ وینہ،واکورہ،آہن اور کھر باغ کو کورنٹائن کردیا گیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ بانڈی پورہ نے حاجن کے پرے محلہ،چندر گیر،بٹہ گنڈ اور ایس کے بالا بستیوں کو ریڈ زون قرار دیا ہے اور یہاں کی سبھی چار بستیاں سیل کردی گئیں ہیں۔