ریڈ زونز میں گھر گھر جاکر ٹیسٹ کئے جائیں

جموں//لیفٹینٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے کہا  ہے کہ کووڈ 19   بیماری کی چین توڑنے میں سماج کے ہر شخص کو اپنا رول ادا کرنا ہو گا ۔ یہ بات انہوں نے ضروری اشیاء اور ادویات کی سٹاک اور سپلائی پوزیشن کا جائیزہ لینے کے دوران ایک میٹنگ میں کہی۔ مشیر موصوف نے ہدایت دی کہ ہسپتالوں کے آس پاس مناسب عمارتوں کو کورنٹین اور آیئسو لیشن مراکز کیلئے استعمال میں لایا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ان عمارتوں کو مختلف ہسپتالوں میں کام کر رہے طبی اور نیم طبی عملے کیلئے بھی استعمال میں لایا جا سکتا ہے ۔ میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ انڈور سٹیڈیم بارہمولہ میں کورنٹین مرکز قائم کیا جائے گا ۔ مشیر موصوف نے ریڈ زونز میں گھر گھر جا کر لوگوں کا ٹیسٹ کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے بیرون ریاست سے آئے افراد سے تلقین کی کہ وہ اپنی سفری تفصیلات متعلقہ حکام کے سامنے ظاہر کریں ۔ مشیر کو بتایا گیا کہ کوڈ 19 مریضوں کے علاج و معالجے کیلئے مناسب تعداد میں وینٹی لیٹر اور دیگر ساز و سامان دستیاب ہے ۔ انہیں بتایا گیا کہ کشمیر وادی میں ادویات اور ماسکوں کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ میٹنگ میں کورنٹین مراکز میں دستیاب سہولیات کا بھی جائیزہ لیا گیا ۔ بصیر احمد خان نے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے رہنما خطوط پر عمل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے مختلف علاقوں خصوصاً ریڈ زونز میں مسلسل بنیادوں پر کیمیکل کا چھڑکاؤ کرنے کی ہدایت دی ۔