سرینگر// ریلوے کالونی نوگام میں خستہ حال سڑک مقامی آبادی کیلئے وبال جان بنی ہوئی ہے۔کالونی میں روڈ پر جگہ جگہ کھڈے پیدا ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔یہ سڑک معمولی بارشوں کے بعد ہی تالابوں کا منظر پیش کرنے لگتی ہیںجس کے نتیجے میں گاڑیوں کے ساتھ ساتھ پیدل چلنے والوں کا عبور و مرور تقریباً نا ممکن بن جاتا ہے۔مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ سڑک پر جگہ جگہ کھڈ بن گئے ہیں جن میں بارش کا پانی جمع ہوجاتا ہے اور جب گاڑیاں چلتی ہیں تو سڑک کے کنارے چلنے والے راہگیروں کے کپڑے کیچڑ لگنے سے خراب ہوجاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آر سی پلازہ سے کھار مسجد نوگام تک ڈرنیج کا کام2سال قبل مکمل ہوا تاہم آج تک سڑک پر میکڈم نہیں بچھایا گیا اور سڑک کی حالت دن بہ دن بگڑتی جارہی ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ سیاسی پارٹیوں کی آپسی رسہ کشی کی وجہ سے سڑک کی تجدید و مرمت نہیں ہو پارہی ہے اورلوگوں کو مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سڑک کی ابتر صورتحال کے پیش نظر اب سکول گاڑیاں بھی کالونی میں نہیں آتی ہیں جبکہ آٹو ڈرائیور بھی کالونی آنے سے انکار کررہے ہیں۔مقامی باشندگان نے سڑک کی فوری تجدیدو مرمت کی مانگ کی ہے۔