ریلوے اورشاہراہ کے فورلیننگ پروجیکٹوں اورامرناتھ یاتراکے انتظامات پرتبادلہ خیال

 رام بن//صوبائی کمشنرجموں سنجیوکمارورمانے ریلوے اورنیشنل ہائی وے 44کی توسیع کے جاری پروجیکٹوں کے علاوہ امرناتھ یاتراکے انتظامات کاجائز ہ لیا۔اس سلسلے میں ڈویژنل کمشنرنے رام بن میں ضلع انتظامیہ اورمتعلقہ افسران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقدکی ۔اس دوران میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر(ڈی سی)رام بن شوکت اعجازبٹ، ایس ایس پی رام بن انتیاشرما، ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائی وے جے ایس جوہر،اے ڈی سی رام بن ڈاکٹربشارت حسین، چیف انجینئر ناردرن ریلوے ،ایس ڈی ایمز،آراو،نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا، ہیم راج ،ایس ڈی ایمز ، سی پی اوڈاکٹرکستوری لال، یلوے اورنیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیااورتعمیراتی کمپنیوں کے نمائندوں اوردیگرمحکموں کے افسران نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران پروجیکٹوں کے دوران آرہی رکاوٹوں مثلاً ڈمپنگ سائٹس ، لینڈایکوزیشن ، زیرتصرف لائے گئے ڈھانچوں کے معاوضے، بجلی ٹاوروں کی منتقلی، پروجیکٹوں کے تحت آنے والے درختوں کی کٹائی اورقانونی وتکنیکی معاملات کوزیربحث لایاگیاتاکہ وقاری پروجیکٹوںکومقررہ مدت کے اندرمکمل کرکے لوگوں کودرپیش مشکلات کاازالہ کیاجاسکے۔میٹنگ کے دوران نیشنل ہائی وے 44 پرپسیاں گرآنے کی وجہ سے آئے روزٹریفک آمدورفت مسدودہونے اورجام لگنے کی وجہ سے عام لوگوں اورمسافروں کوہونے والی پریشانیوں پرتبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقعہ پرتعمیراتی کمپنیوں پرنیشنل ہائی وے کے ناشری تابانہال حصے کی مرمت کرنے کی ہدایات دی گئیں تاکہ ٹریفک نظام بہترہونے کے ساتھ علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں بالخصوص یاترامیں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔اس دوران متعلقہ افسران کوہدایات دیں کہ وہ پسیاں گرآنے والے مقامات سے رکاوٹوں کودورکرنے کیلئے مناسب افرادی اورمشینی وسائل بروئے کارلائے جائیں تاکہ مسائل سے بروقت اورآسانی سے نمٹاجاسکے۔ڈویژنل کمشنرنے تعمیراتی کمپنیوں کوہدایت دی کہ وہ وقت مقررہ کے اندراورمعیاری کام یقینی بنائیں۔انہوں نے ضلع انتظامیہ پرزوردیاکہ وہ کاموں پرقریبی نگرانی کریںتاکہ اہداف مقررہ اوقات کے اندرحاصل کیاجاسکے۔ڈی سی نے نقصانات کے کیسوں کاجائزہ لینے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت دی۔ہائی وے کی فورلیننگ اورریلوے پروجیکٹوں کی اہمیت کی وضاحت کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنرنے ضلع انتظامیہ کوہدایت کی کہ وہ تعمیراتی کمپنیوں کے ساتھ تال میل کرکے رکاوٹوں کودورکریں۔ڈویژنل کمشنرنے ریلوے حکام کوہدایت دی کہ وہ بانہال میںضلع میں کھیل سرگرمیوں کوفروغ دینے کیلئے کھیل کامیدان تیارکریں اورساتھ میں شیلٹرشیڈوں اورسی ایس آئی کے تحت واٹرٹینکوں کی تعمیرپرزوردیاتاکہ مسافروں کی پریشانی کاازالہ ہوسکے۔انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیاکے افسران کوہدایت دی کہ وہ اراضی وقف دینے والے کنبوں کی بازآبادکاری کیلئے جامع بازآبادکاری منصوبہ تیارکریں۔اس دوران محکمہ جنگلات کوہدایت دی کہ وہ نشاندہی شدہ جگہوں سے درختوں کی کٹائی کرنے کے ساتھ ساتھ کھلی پڑی زمین پرشجرکاری کریں۔ٹی ایل ایم ڈی انجینئروں کوہدایت دی کہ وہ پروجیکٹوں کیلئے حاصل کی گئی اراضی سے بجلی کے ٹاورہٹائیں ۔اس دوران ڈویژنل کمشنرنے ضلع انتظامیہ کوامرناتھ یاتراکیلئے لنگروں اوردیگرسہولیات کاانتظام کرنے کی ہدایت دی ۔اس دوران محکمہ سیاحت کوہدایت دی کہ وہ نشاندہی شدہ جگہوں پر بائیوٹائلٹ نصب کریں۔