کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا:سکینہ ایتو
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیرمیں ریزرویشن کوٹہ کے معاملے کی جانچ کے لیے جموں و کشمیر حکومت کی طرف سے تشکیل دی گئی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے اپنی رپورٹ کا مسودہ تیار کیا ہے اور اسے کابینہ کی اگلی میٹنگ میں پیش کیا جائے گا۔وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے اپنے ایکس ہینڈل پر پوسٹ کیا، “ریزرویشن کے معاملے کی جانچ کے لیے تشکیل دی گئی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے 6 ماہ کے مقررہ وقت کے اندر اپنی رپورٹ کا مسودہ تیار کیا ہے۔ رپورٹ کو کابینہ کے اگلے اجلاس کے وقت پیش کیا جائے گا۔”کابینہ کی ذیلی کمیٹی، گزشتہ سال دسمبر میں جموں و کشمیر میں موجودہ ریزرویشن پالیسی کے خلاف وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی رہائش گاہ کے باہر طلبا کے احتجاج کے بعد تشکیل دی گئی تھی جس میں اوپن میرٹ کے امیدواروں کے لیے صرف 30 فیصد نشستیںرکھی گئی ہیں۔مرکز کے ذریعہ یوٹی میں پہاڑی بولنے والے لوگوں کو ریزرویشن دینے کے ساتھ، اوپن میرٹ زمرہ کو گھٹا کر صرف 30 فیصد کر دیا گیا ہے جبکہ 70 فیصد مختلف کمیونٹیز کے لیے محفوظ ہیں۔یہ کمیٹی لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے زیر انتظام جموں و کشمیر ریزرویشن ایکٹ 2004 میں مارچ 2024 کی ترمیم کے بعد وسیع تر خدشات کے جواب میں تشکیل دی گئی تھی۔ اس ترمیم نے سرکاری ملازمتوں میں ریزرویشن کو 43% سے بڑھا کر 70% کر دیا، جس کی بڑی وجہ پہاڑی برادری کو شیڈولڈ ٹرائب (ST) زمرے میں شامل کرنا ہے۔اس پالیسی نے کئی حلقوں سے احتجاج اور مخالفت کو جنم دیا، جس سے وزیر اعلیٰ نے اس اقدام کے مضمرات کا از سر نو جائزہ لینے کے لیے کابینہ کی ذیلی کمیٹی قائم کی۔ پینل کو اپنا جائزہ مکمل کرنے کے لیے چھ ماہ کا وقت دیا گیا تھا۔