ریاسی//ضلع ریاسی کے بالائی علاقوں میں گزشتہ شام سے ہی ہلکی ہلکی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جب کی بدھوار سہ پہر بعد شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہوا جس کی وجہ سے لوگ خوفزدہ ہوگئے۔بارشوں کی وجہ سے تمام سڑکیں بند ہوگئیں۔ واضح رہے کہ مہور سے جموں،مہور سے راجوری،مہور سے گلابگڑھ کے علاوہ دیگر اندرونی سڑکیں تغیانی نالوں اور پسیاں گرنے کی وجہ سے بند ہوگئیں۔طوفانی بارشوں کی وجہ سے کئی ایک رہاشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور پانی لوگوں کے گھروں میں گھس گیا جس کی وجہ سے لوگوں کا کافی نقصان پہنچا۔تحصیل چسانہ کے چانہ کے لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وہاں پر کافی رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور فصلیں بھی تباہ ہوگئی۔اسی طرح سے ساڑھ پنچایت کے وارڈ نمبر 8 میں فولن نامی بیوہ کے مکان کے گرنے کی اطلاع ہے جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اسی طرح سے مہور ہیڈکوارٹر کے اپر مارکیٹ کے لوگ اس وقت سڑک پر اتر آئے جب کہ سڑکوں کا پانی ان کے گھروں میں گھس گیا اور انہیں کافی نقصان ہوا۔لوگوں نے کہا کہ ان کے گھروں کے اپر سے ایک سڑک ہے جو گریف حکام کے ہاتھ ہے لیکن اس سڑک کے ارد گرد نالیاں نہیں بتائی گئی ہے جس کی وجہ سے تمام پانی لوگوں کے گھروں میں گھس گیا۔سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے کافی گاڑیاں درماندہ ہوگئیں ہیں۔اسی دوران آج ڈی سی ریاسی نے بھی آج ٹویٹ کے ذریعے لوگوں سے اپیل کی بارش کے دوران لوگ گھروں میں ہی رہیں۔اسی دوران این ایچ پی سی نے ہنگامی صورتحال سے متعلق نوٹس جاری کیا ہے اور لوگوں کو وارننگ دی ہے کہ وہ چناب کے نزدیک نہ جائیں کیوں کہ چناب میں پانی کا بہائو بڑھ گیا ہے۔اسی دوران ضلع انتظامیہ ریاسی نے چناب اور دریاؤں کے ارد گرددفعہ 144 نافذ کر دیاہے۔