راجوری+بانہال//ریاسی اور رام بن اضلاع میں رونما ہوئے دو الگ الگ سڑک حادثات میں کم از کم 6افراد ہلاک جب کہ 17دیگر شدید زخمی ہو گئے جن میں سے کئی ایک کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے ۔غیر ریاستی یاتریوں کو ضلع ریاسی کے شو کھوڑی میںلے کر آنے والی ایک منی بس بھاملہ تریاٹھ روڈ پر کانڈہ کے قریب حادثہ کا شکار ہو گئی جس کے نتیجہ میں 1خاتون کی موقعہ پر ہی موت واقع ہو گئی جب کہ3افراد نے ہسپتال منتقل کئے جاتے وقت دم توڑ دیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ مقامی منی بس اتر پردیش کے مختلف شہروں سے آئے ہوئے یاتریوں کو لے کر شو کھوڑی جا رہی تھی کہ دھرمسالہ پولیس تھانہ ضلع راجوری کے تحت پڑنے والے کانڈہ کے قریب ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو کر گہرے کھڈے میں جا گری جس کے نتیجہ میں شیلا دیوی موقعہ پر ہی ہلاک ہو گئی جب کہ دیپک کمار اور گلاب سنگھ نے پونی ریاسی کے ہسپتال منتقل کرتے ہوئے دم توڑ دیا۔ اس دوران 14سالہ انو پٹیل ولد ایودھیا پرشاد ساکن یو پی نے جموں میڈیکل کالج میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ دیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو پونی اور تریاٹھ راجوری کے پرائمری ہیلتھ سنٹر لیجایا گیا جہاں ابتدائی مرہم پٹی کرنے کے بعد انہیں جے ایم سی منتقل کر دیا گیا ہے تاہم ان میں سے چند ایک حالت بدستور نازک بنی ہوئی ہے ۔ زخمیوںمیں پرنسی کماری، سشیلا دیوی، راج کمار، رام داس، ساگر دیوی، رام گوپال ، سوبو کمار، گڑیا، پرگیت کماری، گڑیا مشرا، ایودھیا پرشاد، کیدار ناتھ، لالو، درگا پرشاد، امت کمار، راما وتی، رمیشا یادو شامل ہیں۔دریں اثنا رام بن میں کرول۔کنڈی رابطہ سڑک پر سڑک کے ایک دلدوز حادثے میں دو جڑواں بھائی ہلاک ہو گئے دونوں بحیثیت ٹیچر تعینات تھے۔یہ حادثہ جمعہ کی صبح اسوقت پیش آیا جب یہ دونوں بھائی اپنے گھر واقع کرول سے اپنے اپنے سکولوں میں ڈیوٹی کی غرض سے اپنی نجی آلٹو کار میں جارہے تھے کہ انکی گاڑی تنگ اور کچی کرول۔کنڈی رابطہ سڑک سے لڑھک کر کم از کم تین سو فٹ گہری کھائی میں جاگری۔ مہلوکین کی شناخت 37 سالہ منجیت سنگھ رکوال اور سنجیت سنگھ رکوال ولد نصیب سنگھ ساکنہ کنڈی کرول ضلع و تحصیل رام بن کے طور کی گئی ہے۔ حادثے کی خبر ملتے ہی مقامی لوگ ، پولیس اور دیگر رضاکار جائے حادثہ پر پہنچے اور بچاو کاروائی شروع کی لیکن تب وہ دم توڑ چکے تھے۔ لاشوں کو فوری طور پر رام بن ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ضروری قانونی لوازمات کے بعد آخری کیلئے لاشوں کو ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔