محمد بشارت +رمیش کیسر
ریاسی+نوشہرہ//ضلع ریاسی کے بھیڈا علاقے میں ایک مہندرا بلیروکیمپر زیر رجسٹریشن نمبر/6673 ڈم ٹاپ روڈ پر بِڈا علاقے کے قریب گہری کھائی میں گر گیا۔ حادثے کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق اور 3 سالہ بچی زخمی ہوگئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں ڈرائیور اور ماں بیٹی شامل ہیں۔ مرنے والوں کی شناخت مکیش سنگھ عمر 40 سال ولد سنیت سنگھ ساکن سائی لنجن، اس کی ماں سنیتا دیوی (گڈی) اور اس کی بہن توشی دیوی (شوبا) کے طور پر کی گئی ہے۔ زخمی لڑکی جس کی عمر تقریباً تین سال ہے اور توشی دیوی کی بیٹی کو علاج کے لئے ضلع اسپتال ریاسی لے جایا گیا اور بعد میں اسے جی ایم سی جموں ریفر کر دیا گیا۔ متاثرین سائی لنجن سے جیوتی پورم کی طرف سفر کر رہے تھے۔ادھرراجوری ضلع کے نوشہرہ سب ڈویڑن میں لام-ٹھنڈی سڑک پر ایکو گاڑی زیر نمبر (JK11G/7794) اتوار کی صبح ٹھنڈیکسی سے لام نوشہرہ کی طرف جارہی تھی۔ گاڑی چالان ٹھنڈیکسی کے قریب حادثہ کا شکار ہوئی، جس کے نتیجے میں ڈرائیور ارون کمار ولد ہیمراج ساکن لام کے علاوہ بات بیٹے کی موت واقع ہوئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اور پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئے اور بچائوکارروائی شروع کی، جس دوران 2 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں جبکہ 6 دیگر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ، جہاں بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک اور شخص دم توڑ گیا۔ بی ایم او نوشہرہ ڈاکٹر اقبال نے بتایا کہ متوفین کی شناخت باگھلہ کے رہائشی 65 سالہ محمد دین ولد فقیر محمد، اسکا 40 سالہ بیٹا محمد اسلم کے علاوہ، 5 سالہ آسیہ صدیقہ دختر محمد اسلم اور لام کے رہائشی 32 سالہ ارون کمار ولد ہیمراج (ڈرائیور) کے طور پر ہوئی ہے۔ اْنہوں نے بتایا کہ بگلہ کے رہائشی 5 زخمیوں کو مزید علاج کے لیے جی ایم سی راجوری منتقل کر دیا گیا ، جن کی شناخت 5 سالہ عاطف اسلم ولد محمد اسلم ،36 سالہ زرینہ زوجہ اکرم، 5 سالہ رضا ولد محمد اسلم اور 40 سالہ شاہدہ زوجہ محمد اسلم کے طور پر ہوئی ہے۔ ادھر، پولیس نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔دریں اثناء جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے اونتی پورہ علاقے میں سڑک حادثے میں ایک شخص کی جان چلی گئی جب کہ خاتون زخمی ہوگئی۔ آٹو لوڈ کیریئر زیر رجسٹریشن نمبر JK13H/5253 تھا، اونتی پورہ جاتے ہوئے رات کے وقت بارسو جنکشن کے قریب اُلٹ گیا۔ آٹو میں سوار عاقب احمد بٹ (25) ولد گہ قادر ساکن نور پورہ جو ڈرائیور کے ماموں ہیں اور افروزہ جو کہ ڈرائیور کی والدہ ہیں، زخمی ہوئیں۔زخمیوں کو نکال کر ایس ڈی ایچ بجبہاڑہ منتقل کیا گیا جہاں عاقب احمد بٹ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جبکہ زخمی افروزہ کا علاج جاری ہے۔