سمت بھارگو
راجوری// سیکورٹی فورسز نے ہفتہ کے روز راجوری، پونچھ اور ریاسی اضلاع کے مختلف سب ڈویژنوں میں واقع درجنوں دیہاتوں میں تلاشی لی۔ان تینوں اضلاع کے علاقوں میں آپریشن مشکوک نقل و حرکت سے متعلق معلومات کی بنیاد پر کیا گیا۔ضلع پولیس لائنز راجوری کے آس پاس کے علاقے کو بھی ہفتہ کی صبح مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع کے بعد گھیرے میں لے لیا گیا۔عہدیداروں نے بتایا کہ ضلع ریاسی میں ہفتہ کو مہور، ارناس اور ریاسی سب ڈویژن کے علاقوں میں متعدد آپریشن کئے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ دیگر کارروائیاں قیاس آرائی پر مبنی تھیں اور دنوں سے جاری ہیں تاہم ضلع میں دو مقامات پر آپریشن مشکوک نقل و حرکت کے حوالے سے بعض اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا۔آخری اطلاعات ملنے تک تلاشی کی یہ کارروائیاں جاری تھیں۔اس کے ساتھ ساتھ، حکام نے کہا، راجوری ضلع میں سیکورٹی فورسز نے بھی مختلف علاقوں میں متعدد تلاشی کارروائیاں کیں جن میں کچھ تلاشی کارروائیاں قیاس آرائیاں تھیں لیکن کچھ معلومات کی بنیاد پر دو تلاشی کارروائیاں کی گئیں۔یہ کارروائیاں جموں و کشمیر پولیس، ایس او جی، انڈین آرمی اور سی اے پی ایف نے مشترکہ طور پر کیں۔آخری اطلاعات موصول ہونے پر مخصوص معلومات کی بنیاد پر شروع کیے گئے سرچ آپریشن جاری تھے کہ شام کے اوقات میں آپریشن جو کہ قیاس آرائی پر مبنی تھے کو ختم کر دیا گیا۔فوج، پولیس اور سی آر پی ایف سمیت فورسز نے پولیس لائنز راجوری کے آس پاس کے علاقے میں ہفتہ کی صبح دو مشتبہ افراد کے دیکھے جانے کے بعد تلاشی آپریشن بھی کیا۔سیکورٹی فورسز کے سینئر افسران نے بھی اس علاقے کا دورہ کیا اور تلاشی لی۔سرحدی ضلع پونچھ میں ہفتہ کی صبح مشکوک نقل و حرکت کے بعد چار مختلف دیہات کو گھیرے میں لے لیا گیا اور تلاشی شروع کی گئی۔آخری اطلاعات ملنے تک یہ تلاشیاں جاری تھیں۔
سیکورٹی فورسز انسدادملی ٹینسی کے محاذ پر کام کر رہی ہیں:ایس ایس پی پونچھ
عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ// پونچھ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس یوگل منہاس نے کہا کہ تمام سیکورٹی فورسز اور سیکورٹی ایجنسیاں ملی ٹینسی کے خلاف جنگ میں قریبی ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع پونچھ کے مینڈھر سب ڈویژن میں پولیس تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔منہاس نے کہا”تمام سیکورٹی فورسز اور سیکورٹی ایجنسیاں علاقے سے ملی ٹینسی کا صفایا کرنے کے لیے ہم آہنگی سے کام کر رہی ہیں جیسا کہ ماضی میں بھی کیا گیا تھا”۔پولیس افسر کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر تعینات فوج سرحد کی سخت حفاظت کر رہی ہے جب کہ دیگر علاقوں میں موجود دیگر فورسز بھی دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے قریبی تعاون پر کام کر رہی ہیں جو مزید ملی ٹینٹوں کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ایس ایس پی پونچھ یوگل منہاس نے معاشرے سے منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لیے سول سوسائٹی اور بالخصوص سرپرستوں سے گہرے تعاون پر زور دیا۔