سرینگر//جموں وکشمیر کے بہتر اور پُرامن مستقبل میں خواتین کے رول کو کسی بھی طرح نکارا نہیں جاسکتا،یہاں کی باعزم، بہادر اورباحوصلہ خواتین مختلف آزمائشوں اور مشکلات کے باوجود ریاست کو پُرآشوب دور اور بے چینی و غیر یقینی صورتحال سے نجات دلانے کے علاوہ امن و امان اور خوشحالی کی بحالی کیلئے ہر ایک تحریک میں پیش پیش رہی ہیں۔ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے کل پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس تقریب کا انعقاد کانگریس اور دیگر سیاسی جماعتوں کی خواتین عہدیداروں کی نیشنل کانفرنس میں شمولیت کے سلسلے میں کیا گیا۔ اس موقعے پر خواتین ونگ کی ریاستی صدر ایڈوکیٹ شمیمہ فردوس، صدرِ ضلع سرینگر پیر آفاق احمد اور انجینئر صبیہ قادری بھی موجود تھیں۔شمیمہ فردوس نے اپنے خطاب میں خواتین ونگ کے عہدیداروں اور کارکنوں کے رول کو سراہتے ہوئے کہاکہ خواتین ونگ نے ہمیشہ پارٹی پروگراموں اور سرگرمیوں کو کامیاب بنانے میں کلیدی رول ادا کیا ہے۔ خواتین ونگ نے ہمیشہ نیشنل کانفرنس کی آبیاری کی ہے اور پارٹی میں ایک مضبوط ستون کی مانند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے خواتین ونگ نے ہر ایک نازک موڑ پر پارٹی کیلئے تاریخی رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ونگ نیشنل کانفرنس کا ایک اہم ستون ہے اور مستقبل میں بھی پارٹی کی مضبوطی کیلئے یہ ونگ زمینی سطح پر کام کرتی رہے گی۔انہوں نے کہاکہ ریاست کی خواتین نے بے شمار سختیاں جھیلی لیکن اس کے باوجود سماج کی بہبود اور بہتری کیلئے تن دے سے کام کیا۔ تقریب پر نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرنے والی خواتین عہدیداروں اور کارکنوں کا پارٹی میں خیر مقدم کیا گیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔