ریاست کی ثقافت محفوظ رکھنے میں اپنا اپنارول ادا کریں:تصدق مفتی

جموں//سیاحت کے وزیر تصدق حسین مفتی نے کہا ہے کہ’ ہم سب پر یہ فرض بنتا ہے کہ ہم ریاست کی ثقافت کو محفوظ رکھنے میں اپنا اہم رول ادا کریں ‘۔ وزیر موصوف مبارک منڈی جموں ہیری ٹیج سوسائٹی کی طرف سے منعقدہ ہیری ٹیج فار جنریشنز کے عنوان پر ایک سمینار سے خطاب کر رہے تھے ۔ سمینار کا اشتراک انٹر نیشنل کمیٹی آن انٹین زبل کلچرل ہیری ٹیج نے کیا تھا ۔ اس تقریب کا اہتمام آرمی ہیڈ کوارٹرز مبارک منڈی ہیری ٹیج کمپلیکس میں مانو منٹ اینڈ سائیٹس کے بین الاقوامی دن کے سلسلے میں کیا گیا تھا ۔ وزیر مملکت برائے سیاحت و تمدن پریا سیٹھی بھی اس موقعہ پر موجود تھیں ۔ تصدق مفتی نے متعلقہ محکموں ، سول سوسائیٹی و دیگر لوگوں کو مشترکہ طور ریاست کی ثقافت کی حفاظت کرنے کیلئے اپنا اہم رول ادا کر نے پر زور دیا ۔ وزیر نے کہا کہ حکومت مبارک منڈی کمپلیکس کی شانِ رفتہ قایم رکھنے کیلئے تمام تر اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ اس کمپلیکس کی شانِ رفتہ بحال کرنے کیلئے تمام تر اقدامات کریںتا کہ نئی نسل کیلئے اس کمپلیکس کو محفوظ کیا جا سکے ۔ وزیر مملکت پریا سیٹھی نے اس موقعہ پر منتظمین کی کوششوں کو سراہا جنہوں نے اس ایونٹ کا انتظام کیا تھا ۔ پریا سیٹھی نے کہا کہ موجودہ مخلوط سرکار ریاست کے اُن علاقوں میں بھی سیاحتی سرگرمیاں تیزی سے چلا رہی ہے جہاں اب تک کوئی ایسا اقدام نہیں کیاگیا تھا ۔