ریاست کیخلاف سازشیں تیار:ڈاکٹر فاروق

بابانگری // ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اس موقعہ پر زائرین اور عقیدت مندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ وقت میں جہاں ریاست جموں وکشمیر کے خلاف ہر طرح سے سازشیوں کے جال بچھائے جارہے ہیں، وہیں ملک کے مسلمان بھی مکمل طور پر عدم تحفظ کا شکار ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فرقہ پرستی کا رجحان دن بہ دن بڑھتا جارہا ہے جس وجہ سے عوام تشویش میں مبتلا ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست اس وقت ایک مشکل ترین دور سے گزر رہی ہے، ہر طرف سے سازشوں کے جال بنے جارہے ہیں۔فاروق عبداللہ نے کہا کہ اسلام کی حفاظت اور اس کی سربلندی قائم رکھنے کی ذمہ دار خود اللہ تعالیٰ نے لی ہے۔ اسلام نے دنیا میں صالح نظام کی بنیاد ڈالی اور عدل و انصاف اور مساوات کی علم بلند رکھی۔ اسلام نے ہی دنیا میں گورے کالے، رنگ و نسل، ذات پات اور دخترکشی کا خاتمہ کیا اور ہمیں اللہ اور اْس کے رسول (ص) پر ایمان رکھ کر اپنی زندگی گزارنی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام کو ختم کرنے کے لئے ماضی میں بھی بہت ساری فرعونی طاقتیں آئیں۔ فرعون ختم ہوگیا لیکن اسلام زندہ رہا اور رہے گا۔