عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مرکزی سرکار پر زور دیا ہے کہ جموں کشمیر کے لوگوں کے حقوق بحال کریں اور فوری طور پر ریاستی درجہ واپس کیا جائے۔ اتوار کو اپنی رہائش گاہ پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ لوگوں کو ہی طاقت کا سرچشمہ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا’’ لوگوں کی قربانیوں کی بدولت جموں و کشمیر میں عوامی نمائندہ سرکار بن کر سامنے آئی اور آئینی و جمہوری حقوق حاصل ہوئے‘‘۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ لوگوں کے بھاری منڈیٹ سے جموں کشمیر میں سرکار وجود میں آئی اور اسی نمائندہ سرکار کو اب لوگوں کی خدمت اور حکمرانی کا حق دیا کیونکہ عوامی نمائندہ سرکار ہی لوگوں کے مسائل و مشکلات اور جموں کشمیر کے تاریخی خد و خال و جغرافیائی حالات معلوم ہوتے ہیں۔ انہوں نے سرکار سے اپیل کی کہ ’’سخت گیر پالیسی ترک کرکے جموں کشمیر کے لوگوں کو اپنے حقوق بالخصوص جموں کشمیر کا درجہ فی الفور واپس کئے جائیںجس کا وعدہ ملک کے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے کیا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ عمر عبداللہ سرکار کیلئے مشکلات کے پہاڑ کھڑا کردئے گئے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے توقعات،اقتصادی اور معاشی حالات سدھارنے کے ساتھ ساتھ مفلوج نظام و تباہ کن شعبہ صحت کو پٹری پر لانے کیلئے موجودہ سرکار شدت سے کام کر رہی ہے۔ ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کیلئے یہ سخت آزمائش کی گھڑی ہے کہ جموں کشمیر کی نفرادیت،اجتماعیت،وحدت ہر قیمت پر قائم رکھنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر نے مرکز کے ساتھ جو آئینی اور جمہوری اصولوں کے تحت رشتہ جوڑا ہے، انکی فوری بحالی ضروری ہے۔انہوں نے پارٹی لیڈروں اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ ہر وقت عوام کے دکھ سکھ اور ان کے مسائل حل کرنے میں آگئے آئیں اور پارٹی کی مضبوطی کیلئے ہمہ تن جٹ جائیں۔