رام بن //آل جموں و کشمیر رہبر تعلیم فورم کی جانب سے سکولوں کو تالا بند رکھنے کےلئے دی گئی کا ل پر پہاڑی فورم ضلع رام بن کم و بیش تمام پرائمری اور مڈل سکول بند رہنے کی وجہ سے درس و تدریس کا کام بُری طرح متاثر رہا جبکہ اساتذہاحتجاج درج کرانے کے لئے ضلع صدر مقام رام بن میںاحتجاجی جلوس منعقد کرنے کے لئے اکٹھا ہوئے ۔مظاہرین نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو ایک تحریری یاد داشت سونپنے سے قبل فورم کے ریاستی نائب صدر گُل زُبیر ڈینگ نے موجودہ سرکار پراساتذہ کے تئیں بے حسی کا مظاہرہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اساتذہ کو ماہانہ تنخواہ واگُذار کرانے کے لئے بد قسمتی سے سڑکوں پر آنا پڑتا ہے،جہاں پر پولیس سماج کے اس باعزت اور تعلیم یافتہ طبقہ کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک کرتی ہے۔انہوںنے کہا کہ ملک کے کسی بھی حصے میں SSAسکیم کے تحت اساتذہ کو بے عزتی اور محرومیوں سے واسطہ نہیں پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکار نے ان کے ساتھ آج تک کئے گئے تمام وعدے پورے کئے جائیں ۔ان کاکہناتھاکہ خاص طور سے تنخواہوں کے مد کو ریاستی بجٹ کے ساتھ منسلک کرنے کا وعدہ وفا نہیں ہوا ۔سرکار کو متنبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور اساتذہ کو براہ راست قدم اُٹھانے کے لئے مجبور نہ کرے۔میمورنڈم پیش کرنے سے قبل اساتذہ ،جن میں ایک اچھی خاص تعداد مستورات کی تھی،نے جلوس کی صورت میں احتجاجی نعرے بلند کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر کے دفتر کے باہر دھرنا دیا ۔میمورنڈم میںرہبر تعلیم اساتذہ کےلئے وضع کئے گئے تبادلے پالیسی کو من و عین دیگر ملازموں کی طرح نافذ کرنے کا مطالبہ بھی کیاگیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے میمورنڈم میں پیش کئے گئے مطالبات پر غور کرنے کے کا یقین دلایا ۔اس موقعہ پر موجود سرجیت سنگھ کٹوچ، فاروق کٹوچ وغیرہ بھی شامل تھے۔