رہائشی مکان کی چھت ڈھ گئی، مینڈ ھر میں شیر خوار بچہ لقمۂ اجل

مینڈھر//پیر پنچال پہاڑیوں کے دامن میں واقع مینڈھر پونچھ میں بدھ کو اُس وقت قیامت صغریٰ بپا ہوئی جب یہاں ایک کچے مکان کے رسوئی گھر کی چھت گرنے سے شیر خوار بچہ جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوا ۔اس المناک حادثے سے متعلق کے این این کو ملی تفصیلات کے مطابق ضلع پونچھ کے مینڈھر علاقے میں بدھ کو ایک مکان کی چھت ڈھ جانے سے ایک بچہ جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔مقامی ذرائع کے مطابق مکان کی چھت ڈھ جانے کا یہ واقعہ مینڈھر کے چرانگری، منکوٹ علاقے میں پیش آیا۔بتایا جاتا ہے کہ کچے رہائشی مکان کے رسوئی گھر کی چھت ڈھ جانے سے یہ المناک اور جوان لیوا حادثہ پیش آیا ۔ذرائع نے جاں بحق بچے کی شناخت ڈیڑھ سالہ کامران احمد ولد محمد ریاض کے طور کرتے ہوئے کہا کہ چھ ماہ کی ایک بچی، عنینہ دختر محمد جاوید، کو زخمی حالت میں سب ڈسٹرکٹ اسپتال مینڈھر پہنچایا گیا ہے جہاں اْس کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔پولیس نے اس دلخراش واقعہ کی تصدیق کی ہے ۔