رواں ہفتے کے دوران دوسرا گرینیڈحملہ، افسر سمیت 3اہلکار زخمی

سرینگر//26جنوری کی آمد کے ساتھ ہی شہر میں رواں ہفتے کے دوران دوسری مرتبہ جنگجوئوں نے سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر سمیت3 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔واقعہ کے بعدپولیس نے شہر میں کئی علاقوں میں ناکے لگا کر مشتبہ افراد اور گاڑیوں کی تلاشی لی۔اس سے قبل 11جنوری کی شام جنگجوئوں نے لال چوک میں واقع پلیڈیم گلی پر قائم 132بٹالین سی آر پی ایف بنکر پر ایک ہتھ گولہ داغا تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ26جنوری کی مناسبت سے جنگجو اپنی موجودگی کا احساس دلانا چاہتے ہیں تاہم پولیس اور فورسز کسی بھی طرح کی صورتحال سے نپٹنے کیلئے تیار اور متحرک ہیں۔جمعرات کو جنگجوئوں کی طرف سے شہر سرینگر کے سیول لائنز علاقہ زیروبرج راجباغ میںدن کے قریب ڈیڑھ بجے پولیس ایک پارٹی پر گرینیڈ پھینکا گیا ۔
گرینیڈ زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا اور اس سے آس پاس کا علاقہ ہل کر رہ گیا جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ نزدیکی دکاندار وں نے آناً فاناً اپنی دکانیں بند کیں، راہگیروں کو محفوظ مقامات کی طرف بھاگتے دیکھاگیا اور گاڑیوں کی آمدورفت رک گئی۔ دھماکے کی زد میں آکر تین پولیس اہلکار، جن میں دو ٹریفک پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، زخمی ہوگئے۔  تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔زخمی اہلکاروں کی شناخت اے ایس آئی اقبال سنگھ(14بٹالین آرمڈ پولیس)، ٹریفک پولیس ہیڈ کانسٹبل ثنا اللہ اور ٹریفک پولیس اہلکارحارث منظور کے طور ہوئی ہے۔ واقعہ کے بعد سی آر پی ایف اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کے اہلکارجائے واردات پر نمودار ہوئے جس کے دوران انہوں نے راجباغ میں قائم ہوسٹلوں، ہوٹلوں،عمارتوں اور رہاشی مکانوں کی باریک بینی سے تلاشیاں لیں۔حملے کے فوراً بعد پولیس، سی آر پی ایف اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے اعلیٰ حکام نے جائے حادثے کا دورہ کرتے ہوئے یہاں صورتحال کا جائزہ لیا ۔ حملے کے فوراً بعد راجباغ، جواہر نگر، ڈلگیٹ، ٹی آر سی، پولو ویو، ریذیڈنسی روڑ سمیت کئی علاقوں میں سیکورٹی کو الرٹ کرتے ہوئے حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کردی گئی۔یہ سلسلہ تقریبا ً ایک گھنٹہ تک جاری رہاتاہم کسی بھی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔
پولیس نے حملے سے متعلق تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ جمعرات دوپہر ڈیڑھ بجے کے قریب جنگجوئوں نے فورسز پارٹی پر حملہ کرتے ہوئے ایک ہتھ گولہ داغا جس کے نتیجے میں پولیس کا ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور ٹریفک پولیس کے دو اہلکار بری طرح سے زخمی ہوگئے۔مقامی خبر رساں ایجنسی نے جیش محمد کے ترجمان محمد حسن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انکی تنظیم سے وابستہ جنگجوئوں نے یہ حملہ کیا۔