یو این آئی
جموں// ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں بھی پیر کے روز رنگوں کا تہوار’ ہولی‘ انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ جموں میں لوگ جن میں مرد و زن شامل تھے، سڑکوں پر جمع ہوئے اور وہ ڈھول کی تھاپ پر رقص کرکے ایک دوسرے پر رنگ لگا رہے تھے۔اس موقع پر بازار سجے ہوئے تھے جہاں ہولی منانے کے لئے ضروری چیزوں کو دستیاب رکھا گیا تھا اور بچوں کے مختلف قسموں کے کھلونوں کی دکانیں بھی سجائی گئی تھیں۔ تہوار کی مناسبت سے لوگوں خاص کر بچوں نے خوشنما لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔
لوگ ایک دوسرے کو مبارک باد دے رہے تھے۔انکا کہنا تھا کہ یہ خوشی کا تہوار ہے جس کو ہم جوش و جذبے سے منا رہے ہیں۔ اس موقع پر لوگ آپس میں محبت اور پیار بانٹے ہیں اور ایک دوسرے کی بھلائی و خوشی کی دعا کرتے ہیں۔دریں اثنا وادی کشمیر میں بھی سیکورٹی فورسز نے اپنے اپنے کیمپوں میں ہولی کا تہوار انتہائی دھوم دھام سے منایا۔ سیکورٹی فورسز اہلکاروں نے بھی ایک دوسرے پر رنگ لگا کر ہولی منائی اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ سرینگر کے علاوہ وادی کے دیگر علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے یہ تہوار دھوم دھام سے منایا۔ رنگوں کا تہوار ہولی ہندو کلینڈر کے مطابق ہر سال موسم سرما کے آخری پورے چاند کے موقع پر منایا جاتا ہے۔
یہ تہوار شمالی ہندوستان میں موسم بہار کی خوشیاں منانے کے لئے منایا جاتا ہے۔ادھر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہولی کے پْر مسرت موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے دعا کی کہ یہ تہوار لوگوں کی زندگیوں کو اچھی صحت اور خوشیوں سے بھر دے۔موصوف نے پیر کے روز ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا ‘میں ہولی کے پْر مسرت موقع پر لوگوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں’۔انہوں نے کہا ‘آئیے ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہولی سے جڑے ارتعاش پذیررنگوں،آدرشوں اور قدروں سے تمام لوگوں کی زندگیاں متاثر ہوں’۔انہوں نے دعا کی کہ ہ تہوار تمام لوگوں کی زندگیوں کو اچھی صحت اور خوشیوں سے بھر دے۔