پرویز خان
منجا کوٹ //منجا کوٹ تحصیل میں رمضان ماہ میں بنیادی سہولیات کی شدید قلت بالخصوص پانی کی فراہمی نہ ہونے و بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کیخلاف عام لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ انتظامیہ رمضان میں لوگوں کو تنگ کررہی ہے ۔نماز جمعہ کے بعد معززین کی ایک بڑی تعداد نے انتظامیہ مخالف احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی دنوں سے منجا کوٹ کے اکثر علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جبکہ کئی دیہات میں پینے کے صاف پانی کی سپلائی بھی متاثر ہو چکی ہے تاہم متعلقہ حکام کیساتھ ساتھ ضلع انتظامیہ بھی عوام کو معیاری بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں پوری طرح سے ناکام رہی ہے ۔مظاہرین نے کہاکہ جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن ختم کرنے سے قبل بلندو بانگ نعرے لگائے جارہے تھے لیکن ریاست کو یوٹی میں تبدیل کرنے کے بعد لوگوں کا جینا محال کر دیا گیا ہے ۔مظاہرین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کی جائیں ۔