رعنا واری میں غم و اندوہ کی لہر | 24گھنٹوں میں 2 نوجوانوں کی موت واقع

سرینگر//رعناواری میں 24گھنٹوں کے دوران دو نوجوانوں کی موت واقع ہونے سے علاقے میں شدید غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ ایک نوجوان دل کا دورہ پڑنے سے اچانک فوت ہوا جبکہ دوسرا پھیپھڑوں کے مہلک مرض میں مبتلاء ہونے کے چند دنوں بعد ہی جمعرات کی صبح انتقال کرگیا۔ پائین شہر کے رعناواری علاقے میں محض 24گھنٹوں میں دو نوجوانوں کی اچانک موت واقع ہوئی جس کے نتیجے میں پورے علاقے میں غم واندوہ کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ 22سالہ عبید اشرف ولد محمد اشرف خان ساکن رعناواری نزیک مسجد حمزہؓ (وی بی کالج)گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے سے بے ہوش ہوا اگرچہ مذکورہ لڑکے کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قراردیا ۔عبید کا والد محمد اشرف خان ٹی وی آرٹسٹ اور بروڈکاسٹر ہیں ۔ اس واقع کے محض کچھ گھنٹوں بعد ہی جمعرات کی صبح ایک اور نوجوان دانش احمدچوپان ولد غلام محمد چوپان ساکن چوپان محلہ جوگی لنکر رعناواری جس کی عمر قریب 20برس 
بتائی جاتی ہے فوت ہوا ۔معلوم ہوا ہے کہ دانش کچھ دنوں پہلے پھیپڑوں کے مہلک مرض میں مبتلاء ہوا تھا جس کے بعد ہسپتال میں چند دنوں تک زیر علاج رہنے کے بعد کل انتقال کرگیا ۔علاقے میں دو نوجوانوں کی موت کے سبب علاقہ میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی جبکہ دونوں نوجوانوں کی نماز جنازہ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور انہیں اپنے آبائی علاقوں میں پُرنم آنکھوں سے سپرد خاک کیا گیا ۔ ادھر کئی ثقافتی انجمنوں اور فنکاروں نے معروف فنکار محمد شرف خان کے جواں سال بیٹے عبید اشرف کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ مہک ڈرامہ کلب کی طرف ایک تعزیتی میٹنگ فرحت صدیقی نے کہا کہ عبید اشرف ایک ذہین اوبھرتا ہوا فنکار تھا ،یہ ہماری بدقسمتی ہے عبید اشرف ہمارے بیچ میں نہ رہے ۔مبرزل یو تھ کلب سرینگر کا ایک تعزیتی اجلاس اداکار خورشید میر کی صدارت میں منعقد ہوا۔جس میںاداکار محمد اشرف خان کے بیٹے کے وفات پر سخت رنج وغم کا اظہار کیا گیااور کہا کہ غم کی اس گھڑی میں یمبر زل یوتھ کلب سے وابستہ تمام افراد اداکار محمد اشرف خان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ عُبید اشرف کو جنت الفردوس عطا کرے اور لواحقین کو صبر و جمیل عطا فرمائے ۔ادھر کئی اداکاروں نے رعناواری سرینگر جا کر وہاں نامور اداکار محمد اشرف خان کے ساتھ ہمدر دی اوریکجہتی کا اظہار کیا۔