سرینگر //جواہر لال نہرو میموریل اسپتال رعناواری کا ایڈیشنل بلاک 7سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود بھی مکمل نہیں ہوا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فنڈس کی کمی کی وجہ سے ایڈیشنل بلاک کی تعمیر کو زیر التوء منصوبہ میں رکھا گیا ہے۔ 20اگست 2014میں عمر عبداللہ کی سرکار نے رعناواری اسپتال میں مریضوں کو مزید طبی سہولیات فراہم کرنے اور بستروں کی تعداد کو 300تک بڑھانے کیلئے57کروڑ روپے کی لاگت سے ایڈیشنل بلاک کی تعمیر کی منظوری دی ۔لیکن مالی مشکلات کی وجہ سے یہ اہم منصوبہ اب زیر التوء ہے۔ ایڈیشنل بلاک کی تعمیر مکمل ہونے سے نہ صرف مریضوں کو بھرتی کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا بلکہ مریضوں کیلئے سی ٹی سیکین اور ایم آئی آر آئی کی سہولیات بھی دستیاب رہیں گی۔ ایڈیشنل بلاک میں 80بستروں پر مشتمل 2 وارڈوں بھی ہونگے۔ نیزاس میںجدید آلات سے لیس 2 تھیٹر، ایڈنسکوپی، ڈیجیٹل ایکس رے، لپرسکوپی، سی آر م، ایس ٹی پی لیبارٹری اور دیگر سہولیات دستیاب ہوگی ۔ ایڈیشنل بلاک میں آئی سی یو اور زچگی کیلئے آنے والے خواتین کیلئے بھی انتہائی نگہداشت والے وارڈ کی تعمیر بھی شامل ہے۔اسپتال حکام نے بتایا ’’ جگہ کی کمی کی وجہ سے اسپتال کی مرکزی بلڈنگ کو چھوٹے چھوٹے حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور اس کی وجہ سے مریضوں کو مختلف سیکشنوں کے چکر لگانے پڑتے ہیں‘‘۔ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر روف احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ رقومات کی کمی کی وجہ سے اسپتال کے ایڈیشنل بلاک کو زیر التوء پروجیکٹوں میں رکھا گیا ہے‘‘۔انہوں نے کہا ’’ ایڈیشنل بلاک کا 85فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، باہر سے بلڈنگ کا کام ہوچکا ہے لیکن اندرکا کام ہونا باقی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ جدید آلات سے لیس تھیٹر تیار ہوچکا ہے اور نئی بلڈنگ کو اسپتال کی مرکزی بلڈنگ سے جوڑنے کیلئے ایک فٹ برج بھی تعمیر کیا جائے گا تاکہ مریضوں کو ایک جگہ سے دوسرے جگہ جانے میں تکلیف نہ ہو۔انکا کہنا تھا کہ انہیںاُمید ہے کہ آئندہ 3سے 4ماہ میں کام دوبارہ شروع ہوگا اور اسپتال کے نئے بلاک کو مرکزی بلڈنگ سے جوڑا جائے گا۔