رعناواری میں آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد باعث تشویش

سرینگر //رعناواری میں آوارہ کتوں سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ شام کے بعد گھروں سے باہر نکلنا دشوار بن گیا ہے ۔ رعناواری میں آوارہ کتوں کے غول سے مکینوںمیں خوف و ہراس پایاجارہاہے ۔ مقامی لوگوں کاکہنا ہے کہ رعناواری کے کرالہ یار، کلوال محلہ، پوج محلہ ، نائد یار اورسرٹینگ کے علاقوں میں کتوں کی تعداد اس قدر بڑھ گئی ہے کہ لوگ سڑکوں پر چلنے میں خوف محسوس کررہے ہیں ۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ ماہ رمضان کے ایام میں فجر، مغرب اور عشاء نمازوں کی ادائیگی کیلئے مسجد جانے میں سخت خوف ہوتا ہے کہ کہیں کتے حملہ نہ کریں۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ سرینگر میونسپل کارپوریشن نے آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد پر قابو پانے کیلئے نس بندی کرنے کے بلند بانگ دعوے کئے جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جھوٹ ثابت ہوئے۔ لوگوںنے گورنر انتظامیہ اور ایس ایم سی حکام سے اپیل کی کہ کتوں کی بڑھتی تعداد کو قابو کرنے کیلئے اور لوگوں کو آوارہ کتوں کے خوف سے نجات دلانے کیلئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں ۔