راجوری // راجوری پریس کلب ممبران نے ڈاک بنگلہ راجوری میں کٹھوعہ سانحہ پر احتجاج درج کراتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں معصوم بچیوں اور خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا جانا معاشرے کے لئے شرمناک ہے جس کے خلاف سرکار کو سخت قانون بنانا ہوگا ۔ اس موقعہ پر پریس کلب نائب صدر عارف قریشی نے کہا کہ کرائم برانچ نے اگر چہ کٹھوعہ سانحہ میں ملوث افراد کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے تاہم جب تک ریاستی سرکار عصمت دری واقعات میں ملوثین کے خلاف سخت قانون نہیں بناتی ،خواتین اور بچیوں کے خلاف جرائم میں کمی آنا محال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عصمت دری اور قتل معاملے میں ملوث افراد کیلئے پھانسی کی سزا مقررکی جانی چاہئے تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات رونما نہ ہونے پائیں ۔ دیگر صحافیوں نے بھی واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ کٹھوعہ اور یوپی کے انائو علاقے میں پیش آنے والے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کیس کی سماعت میں سرعت لائی جائے تاکہ متاثرین کو انصاف مل سکے ۔احتجاج میں پریس کلب راجوری چیف ایڈوائزر وریندر ملہوترہ،امیش ملہوترہ ، عمر ارشد ملک و دیگر کارکنان نے بھی حصہ لیا ۔