را م بن میں بھی کانگریس پارٹی کااحتجاجی مظاہرہ

ایم ایم پرویز

رام بن//کانگریس پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے ہفتہ کے روز بس سٹینڈ رام بن میں غیراعلانیہ بجلی کی کٹوتی اور پینے کے پانی کی فراہمی کی قلت کے خلاف ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس احتجاج کی قیادت ورکنگ سٹیٹ صدر یوتھ کانگریس جموں و کشمیر فیروز خان اور ضلع کانگریس کمیٹی نے کی۔انہوں نے جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری انتظامیہ کو بجلی کے غیر معمولی بحران کا ذمہ دار ٹھہرایا اور حکام پر زور دیا کہ وہ بجلی کے منظر نامے کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔مظاہرین نے انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے اور بجلی اور پانی کی بلا تعطل فراہمی کا مطالبہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ بجلی کی بلا خلل فراہمی میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رام بن ضلع میں بغلیہار پروجیکٹ900 میگا واٹ بجلی پیدا کرتا ہے جبکہ اسی رام بن ضلع کے لوگوں کو بجلی کے غیر معمولی بحران کا سامنا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت اس ضلع میں رہنے والے لوگوں کو بجلی اور پانی کی مناسب فراہمی میں ناکام رہی ہے۔مظاہرین نے اس ضلع میں رہنے والوں کو بلا خلل بجلی اور پانی کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے دھمکی دی کہ اگر انتظامیہ چار دنوں کے اندر مکینوں کو بلا خلل بجلی اور بجلی فراہم کرنے میں ناکام رہی تو ان کے پاس ڈپٹی کمشنر رام بن کے دفترکا گھیرائوکرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں بچے گا۔