چنڈی گڑھ//یو این آئی// کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے 27 جنوری کو پنجاب کا دورہ کرنے کا امکان ہے جہاں وہ کانگریس کی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے ۔مسٹر گاندھی پنجاب پہنچنے پر سب سے پہلے گولڈن ٹمپل میں متھا ٹیکیں گے اور امکان ہے کہ ان کے ساتھ تمام 117 اسمبلی حلقوں کے امیدوار بھی ہوں گے ۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق جلسوں پر پابندی کے باعث ورچول ریلی سے خطاب کریں گے ۔امکان ہے کہ بقیہ 31 امیدواروں کا اعلان مسٹر گاندھی کی آمد سے پہلے ہو سکتا ہے ۔ متھا ٹیکنے کے بعد وہ پارٹی رہنماؤں کے ساتھ جالندھر جائیں گے ، جہاں وہ پارٹی کارکنوں سے ورچول ریلی سے خطاب کریں گے اور کانگریس کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے نئی سوچ نیا پنجاب کا نعرہ دے کر طویل عرصے سے اندرونی تصادم سے جوجھ رہی کانگریس میں نئی جان پھونکیں گے ۔واضح رہے کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں وہ زیادہ سے زیادہ سیٹیں لے کر اقتدار میں آنے میں کامیاب ہوئی تھی، لیکن گزشتہ کئی برسوں سے پارٹی کو کئی اتار چڑھاؤ سے گزرنا پڑا اور جیسے جیسے انتخابات قریب آتے گئے ، پارٹی میں تصادم اس قد بڑھ گیا ہے کہ ستمبر میں وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ کو عہدے سے ہٹنا پڑا اور انہوں نے ذلت محسوس کرتے ہوئے پارٹی چھوڑ دی۔ اس کے بعد ایک نئی مصیبت شروع ہوئی اور کانگریس کے ریاستی صدر نوجوت سدھو کی وزیر اعلیٰ بننے کی خواہش زمیں پر دھڑام سے آگئی۔