رام بن ہسپتال میں دستیاب سہولیات کا جائزہ

رام بن //ضلع ترقیاتی کمشنر شوکت اعجاز بٹ نے بدھ کے روز ضلع ہسپتال کا دورہ کرکے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا ۔معائینہ کرنے کے دوران انہوںنے ناساز گار موسمی حالات کے پیش نظر ہسپتال میں ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کی باقاعدگی کا جائزہ لیا۔ چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر سیف الدین خان ،میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر جے پی سنگھ و دیگر عملہ بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔اس دوران انہوں نے ضلع ہسپتال میں صحت و صفائی، ڈاکٹروں اور سٹاف ممبران کی حاضری ، ادویات و دیگر سازو سامان کے ذخیرے کا بھی جائزہ لیا۔این آر ایچ ایم عملے کی ہڑتال کے پیش نظر انہوں نے ضلع ہسپتال کے سپرانٹنڈنٹ کو ہدایت دی کہ تمام ملازمین کی چھٹیوں کو منسوخ کیا جائے اور انہیں عوام کے مفاد کے خاطر فوری طور ڈیوٹی جوائن کرنے کی ہدایت دی جائے ۔ چیف میڈیکل افسر نے اس موقعہ پر ڈی سی کو ہسپتال میں مریضوں کو دستیاب کی جارہی خدمات سے باخبر کیا۔ ڈی سی نے مریضوں کو ہسپتال میں ہر کوئی سہولیت بہم پہنچانے پر زور دیا۔انہوں نے مریضوں اور تیمار داروں سے بھی تبادلہ خیال کیا اور ان سے سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ڈی سی نے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ سے مریضوں کو تمام طبی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ گرمی کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت دی۔انہوں نے سی ایم او سے ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کا ڈیوٹی روسٹر ، ادویات کی سٹاک پوزیشن اور دیگر دستیاب سہولیات نوٹس بورڈ پر چسپاں کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے آئی بلاک اور ڈاکٹروں کے رہائشی کوارٹروں کی تعمیر کا بھی معاینہ کیا اور متعلقہ ایجنسیوں سے کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی تاکہ کام مقررہ مدت کے دوران ہی تکمیل ہو جائیں۔