بانہال//رام بن کے قریب ایک ٹاٹاسومو کے دریائے چناب میں گر جانے کی وجہ سے گاڑی میں سواردوافراد کے بہہ جانے کااندیشہ ہے۔اس دوران دریا برد ہوئی گاڑی اور اس میں سوار افراد کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے پولیس اور ’کیو آرٹی‘ رام بن نے بچائو کاررائیاں شروع کی ہیں۔ ایس ایس پی رام بن حسیب الرحمان نے افسروں کے ہمراہ منگل کو بھی جائے حادثہ کا دورہ کیا اور وہاں تلاش کاروائیوں کا جائزہ لیا۔اس سلسلے میں ڈی ایس پی ہیڈکواٹرس رام بن راجندر سنگھ نے مزید تفصیلات دیتے ہوئے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ گاڑی رام بن کے گائوں کمیت سے قصبہ رام بن کی طرف آنے کے دوران اپنی منزل سے محض ڈیڑھ کلومیٹردور مہاڑ پیٹرول پمپ کے نزدیک شاہراہ سے لڑھک کر دریائے چناب میں گر گئی ۔ بچائو کاروائیوں کے باوجود گاڑی میں سوار افراد کا کوئی پتہ نہیں چل پایا ہے۔ حادثے میں لاپتہ ہوئے افراد کی شناخت چالیس سالہ ڈرائیور مایا رام ولد سورم چند اور اٹھارہ سالہ پرویندر سنگھ ولد چاڑک سنگھ ساکنان کمیت رام بن کے طور ہوئی ہے اور ان کی تلاش کیلئے کاروائیاں جاری ہیں۔ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر نے کہا کہ جائے حادثہ پر دریائے چناب میں پانی کے تیز بہاو اور گہرائی کی وجہ سے مقامی غوطہ خوروں کو کئی کوششوں کے باوجود بھی دریا میں پڑی گاڑی تک رسائی حاصل کرنا ممکن نہیں ہوسکا اور گاڑی کو ہک کرکے باہر نکالنے کی ہرممکن کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران گاڑی میں سوارافراد کو ڈھونڈنے کیلئے چناب کے کناروں پر تلاش کاروائیاں شروع کی گئی ہیں لیکن یہ کوششیں ابھی تک نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئی ۔