رام بن//رام بن ضلع میں ’’عالمی یوم آبادی ‘‘کے موقعہ پر ’خاندانی منصوبہ بندی ،لوگوں کو بااختیار بنانا،ترقی پسند ممالک ‘کے موضوع اور’ نئی لہر،نیا وشواس ،پورن ذمہ داری سے پریوار کا وکاس‘‘ کے نعرے کے ساتھ کئی ایوئینٹ منعقد کئے گئے۔اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ سوسائٹی رام بن کی جانب سے ایک ہیلتھ میلہ کا انعقاد کیا گیا ۔ میلے میں مقامی ممبر اسمبلی نیلم کمار لنگہے مہمان خصوصی تھے۔میلے میں سی ایم او ڈاکٹر سیف الدین خان، میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر ڈی وی سنگھ ،ڈپٹی سی ایم او ڈاکٹر محمد اقبال بھٹ ،ضلع ہیلتھ آفیسر، مختلف بلاکوں کے بی ایم اوز ،ملٹی ہیلتھ ورکرس، آشائوں اور آنگن واڑی ورکروں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقعہ پر ایم ایل اے رام بن نے اننت ناگ میں ملی ٹینٹوں کے حملے میں ہلاک ہوئے یاتریوں کو خراج عقیدت ادا کیا اور شرکا کے ساتھ ہلاک شدگان کے ایصال ثواب کے لئے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی ۔ دریں اثنا ضلع اطلاعاتی مرکز (ڈی آئی سی)رام بن نے عالمی یوم آبادی کے موقعہ پر ایک سیمنار منعقد کیا جس میں کالج کے طلبا و طالبات ،نوجوانوں اور محکمہ صحت کے افسروں نے بھی شرکت کی۔سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے نیلم کمار لنگہے نے کہا
کہ عالمی یوم آبادی دنیا میں آبادی کے اضافہ کے مدعے سے متعلق بیداری کے لئے منایا جاتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی وقت کی ضرورت ہے کیونکہ آبادی میں بے تحاشہ اضافہ سے ترقی میں روکاوٹیں آتی ہیں۔اُنہوں نے اس سلسلہ میں زیادہ سے زیادہ بیداری کیمپ منعقد کرنے کی صلاح دی۔چیف میڈیکل آفیسر نے کہا کہ اس موضوع پر لوگوں کو بیدار کرنے کے لئے مختلف پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں۔اُنہوں نے بتایاکہ مختلف بیداری ،این ایس وی کیمپ منعقد کئے جاتے ہیںاور لوگوں کو آبادی میں اضافہ کے اثر سے عام لوگوں کو خبر دار کیا جاتا ہے۔اُنہوںنے بتایا کہ گُذشتہ سال رام بن ضلع نے مختلف زمروں میں مختلف رینک حاصل کی ہیں۔اُنہوں نے آشاورکروں کو موذوں جوڑوں کو خاندانی منصوبہ بندی کی جانب راغب کرانے کی اپیل کی۔بعد ازاں سیمنار میں شرکت کرنے والوں میں اسناد او رانعامات تقسیم کئے گئے۔