رامبن سڑک حادثے میں2خواتین اورایک کمسن سمیت 11 افراد جاں بحق

سرینگر/رامبن ضلع میں سنیچر کو ایک سڑک حادثے کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ ہوگئے۔

حادثے کے فوراً بعد پانچ افراد کو جائے واردات پر مردہ حالت میں پایا گیا جبکہ بعد میں 6مزید زخمی دم توڑ بیٹھے۔

چیف میڈیکل آفیسر رامبن ،ڈاکٹر ایس ڈی خان نے تصدیق کی کہ ضلع اسپتال رامبن میں10افراد کو مردہ حالت میں لایا گیا۔

حکام کے مطابق ایک زخمی کمسن ،جس کو علاج کیلئے جموں  ایئر لفٹ کرکے لیجایا گیا تھا، زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔مذکورہ کمسن کے جاں بحق ہونے سے اس حادثے میں مرنے والوں کی تعداد 11ہوگئی۔

یہ حادثہ آج صبح اُس وقت پیش آیا جب ایک سومو گاڑی چندرکوٹ۔راج گڑھ رابطہ سڑک سے لڑھک کر ایک گہری کھائی میں جاگری۔

ذرائع کے مطابق سومو میں سوارموقع پر ہی جاں بحق ہونے والے پانچ افراد میں دو خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں۔

 دریں اثنا ریاست کے سابق وزیر سیدمحمد الطاف بخاری، نیشنل کانفرنس صدر فاروق عبد اللہ اور نیشنل کانفرنس کے ہی نائب صدر عمر عبد اللہ سمیت متعدد سیاسی و سماجی شخصیات نے رامبن سڑک حادثے میں ہوئے جانی نقصان پر دکھ اورصدمے کا اظہار کیا ہے۔