نیوز ڈیسک
سرینگر// مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے دریائے جہلم اور اِس کی معاون ندیوں میں پانی کی بڑھتی ہوئی سطح کے پیش نظر بدھ کو فلڈ کنٹرول روم رام منشی باغ کا دورہ کیا اور جموںوکشمیر میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔بھٹناگر نے فلڈ کنٹرول وِنگ کے سینئر اَفسران کے ساتھ تفصیلی میٹنگ کی۔ مشیر نے اَفسران پر زور دیا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچنے کے لئے افراد ی قوت اور مشینری کوتمام حساس جگہوں پر تعینات کیا جائے ۔اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ ریت کے تھیلے اور دیگر ضروری سامان جہلم کے کناروں کے قریب دستیاب رکھیں تاکہ کسی بھی قسم کی صورتحال کا بروقت تدارک کیا جاسکے۔بھٹناگر نے اَفسران سے کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ اور ایس ڈی آر ایف کے ساتھ مناسب تال میل او رآہنگی کو برقرار رکھا جانا چاہئے تاکہ خطرے سے دو چار علاقوں میں ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کی بروقت تعیناتی کی جاسکے ۔ اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ عوام کو ان کے متعلقہ علاقوں میں سیلاب کی سطح کے بارے میں بروقت مطلع کیا جائے۔اُنہوں نے اَفسران سے یہ بھی کہا کہ وہ سوشل میڈیا کا صحیح اِستعمال کریں اور سیلاب کے پانی کی سطح سے متعلق بروقت اور درست معلومات کو اَپ ڈیٹ کیا جائے ۔دورانِ میٹنگ مشیرموصوف کو جانکاری دی گئی کہ دریائے جہلم کے نیچے بہائو کی وجہ سے سنگم اور رام منشی باغ کے علاقوں میں پانی کی سطح بڑھ رہی ہے اور ابھی تک وادیٔ کشمیر میں شدید سیلاب کی پیش گوئی نہیں کی گئی ہے تاہم مکمل چوکسی برقرار رکھی جارہی ہے اور کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔