منڈی//تحصیل منڈی کے علاقہ راجپورہ کے لوگ گزشتہ تین ہفتوں سے بجلی سپلائی سے محروم ہیں ۔تفصیلات کے مطابق منڈی سے ایک کلو میٹر دوری پر واقع راجپورہ کی ایک ہزار نفوس پرمشتمل آبادی گزشتہ بیس دنوں سے بجلی کے لیے ترس رہی ہے ۔اس بارے میں ذرائع نے بتایاکہ علاقہ کا بجلی ٹرانسارمر 20 دن پہلے خراب ہو گیا تھا جسکو ابھی تک محکمہ نے نہ ہی تبدیل کیا اور نہ ہی اسکی مرمت کی ۔اس سلسلہ میںممتاز احمد نامی ایک مقامی شخص نے بتایاکہ جس دن علاقے کا ٹرانسفرمر خراب ہو گیا تھا اس کے دوسرے ہی دن علاقہ کے معززین کا وفد محکمہ بجلی کے افسران کے پاس گیا تھا جنہوں نے وفد کو یہ یقین دہانی کروائی تھی کہ دو دن کے اندر ٹرانسفرمر کی مرمت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 20 روز سے علاقہ کی عوام محکمہ کے ملازمین کے ساتھ ٹیلیفون پر بھی رابطہ کر چکی ہے مگر محکمہ کے ملازمین آجکل اور آجکل ہی کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بچوں کے امتحانات چل رہے ہیں اوربجلی نہ ہونے کی وجہ سے ان کی پڑھائی بھی متاثر ہو رہی ہے ۔یہاں کی عوام نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ راہول یادو سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں محکمہ کو ہدایات جاری کریں ورنہ عوام سڑکوں پر اترنے کے لیے مجبور ہو جائے گی۔