راجپورہ پلوامہ میں گرفتاریاں اور املاک کی توڑ پھوڑ

سرینگر//جنوبی ضلع پلوامہ کے راجپورہ میں فورسز کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف جمعہ کو مکمل ہڑتال رہی جس کی وجہ سے علاقے میں عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔پلوامہ کے راجپورہ علاقے میں گذشتہ شام مسلح افراد نے پولیس کی ایک ناکہ پارٹی پر حملہ کرکے ان پر گرینیڈ داغا اور فائرنگ کی،مقامی لوگوں کے مطابق اس واقعہ کے چند ہی منٹوں بعد فوج نے اس پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر حملہ آور وں کے خلاف تلاشی کارروائی شروع کردی تاہم مقامی لوگوں نے فوج پر الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ فوج نے جنگجوئوں کو تلاش کرنے کے بہانے عام لوگوں کی بلالحاظ مارپیٹ کی جس کے نتیجے میں کئی نوجوانوں پر غشی طاری ہوگئی۔لوگوں کے مطابق فوج نے علاقے میں مکانوں کو نقصان پہنچانے کے علاوہ دو مقامی نوجوانوں کو گرفتار بھی کرلیا۔اس دوران علاقے میں فوج کی جانب سے بلاجواز مار پیٹ اور گرفتاریوں کے خلاف علاقے میں مکمل ہڑتال رہی جس کی وجہ سے سڑکیں سنسان اور بازار ویران پڑے رہے،جبکہ سرکاری دفاتر میں ملازمین کی حاضری نہ ہونے کے برابر رہی۔(سی این ایس)