حسین محتشم
پونچھ// تحصیل منڈی کے راجپورہ علاقہ میں پی ایم جی ایس وائی محکمہ کی جانب سے منڈی سلطان پتھری روڈ پر کیے گئے تجاوزات کو ہٹانے کی کاروائی کرتے ہوئے محکمہ نے بنائی گئی ایک دیوار کوجے سی بی کے ذریعے گرا دیاتاہم جن لوگوں نے دیوار بنائی تھی، ان کا کہنا ہے کہ ان کی اپنی زمین کے حدود میں وہ دیوار بنائی گئی تھی۔انہوں نے الزام لگایا کہ محکمہ کی جانب سے جو کاروائی کی گئی اس سے قبل ضابطہ کے تحت انہیں کوئی نوٹس جاری نہیں کیاگیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ کاروائی کے دوران وہاں محکمہ مال کے افسران بھی موجود نہ تھے۔سردار گرنام سنگھ کا کہنا ہے کہ انہوں نے جو دیوار بنائی ہے اس پر انہوں نے لاکھوں روپیہ خرچ کیا تھا اور پچھلے دو ماہ سے وہاں دیوار بنانے کام چل رہا تھا لیکن اچانک محکمہ کی جانب سے وہاں پر جے سی بی لگا کر ان کی دیوار توڑی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ زمین ان کی اپنی ہے جہاں پر دیوار بنائی گئی تھی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ضابطہ کے تحت دیوار گرانے سے پہلے محکمہ کو انہیں نوٹس دینا چاہیے تھا وہ نوٹس ان کو نہیں ملا۔انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کے افسران نے اچانک وہاں پہنچ کر دیوار توڑدی اور ان کے لاکھوں کا نقصان کر دیا۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ سے مداخلت کے اپیل کرتے ہوئے ان کو انصاف دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ادھر مقامی چوکیدار کا بھی کہنا ہے کہ جس وقت دیوار گرائی گئی وہاں محکمہ مال کا کوئی افسر موجود نہ تھا۔ اس ضمن میں جب ایگزیکٹیو انجینئر محکمہ پی ایم جی ایس وائی پونچھ جاوید اقبال سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا یہ کاروائی ضابطہ کے تحت کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منڈی سلطان پتھری سڑک پر تجاوزات کیے گئے تھے اور اس جگہ پر سڑک ایک نالی کی طرح ہو گئی تھی جس سے سڑک کو خطرہ تھا اس لیے انہوں نے یہ کاروائی کی۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ مال کو اس کی اطلاع دی گئی تھی۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑک کے تحفظ کے لیے محکمہ کا تعاون کریں۔