راجوری پونچھ میں 9نئے مائیکرو کنٹینمنٹ زون

راجوری//کورونا وائرس کے روزانہ کیسوں میں اضافے کے دوران راجوری اور پونچھ اضلاع میں انتظامیہ کی جانب سے 9 نئے مائیکرو کنٹینمنٹ زون بنائے گئے ہیں ۔ان نئے مرتب کرد ہ مائیکرو کنٹینمنٹ زونوں میں راجوری ضلع کے سات اور پونچھ کے دوعلاقے شامل کئے گئے ہیں ۔راجوری میں ضلع مجسٹریٹ وکاس کنڈل نے ایک حکم جاری کیا جس میں سات علاقوں کو مائیکرو کنٹینمنٹ زون قرار دیا گیا ۔حکم نامے میں کہا گیاہے کہ مذکورہ علاقوں میں سے نئے کووڈ معاملات سامنے آئے ہیں جس کی وجہ سے ان علاقہ میں نقل و حرکت پر بندشیں عائد کی گئی ہیں ۔ان سات علاقوں میں سے بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی، آئی آر پی یونٹ کمپلیکس اور فتح پور پنچایت کے حصوں کو مائیکرو کنٹینمنٹ زون قرار دیا گیا ہے۔ضلع کے دیگر پانچ علاقے جنہیں مائیکرو کنٹینمنٹ زون قرار دیا گیا ہے ان میں راجوری قصبہ کا وارڈ 01 کھیورہ، نوشہرہ کی لنگر پنچایت کے بی ایس ایف یونٹ ڈھانگری، گنیا اور لنگر گاؤں، تحصیل سیوٹ کا ٹھنڈاپانی پنچایت علاقہ اور بی ایس ایف یونٹ سندر بنی شامل ہیں۔ضلع مجسٹریٹ نے تمام مائیکرو کنٹینمنٹ زونز میں سخت پابندیاں عائد کرنے کا حکم دیا ہے اور فیلڈ سٹاف کو رابطے کا پتہ لگانے کیساتھ ساتھ داخلی و خارجی نقل و حرکت بند کرنے کا حکم جاری کیا ہے ۔دوسری طرف ضلع مجسٹریٹ پونچھ اندر جیت نے پونچھ شہر کے دو علاقوں کو مائیکرو کنٹینمنٹ زون قرار دیا۔ان علاقوں میں پونچھ شہر میں وارڈ نمبر 3 محلہ ڈنگس اور وارڈ 11 محلہ پنڈتن شامل ہیں۔ضلع مجسٹریٹ نے ان مائیکرو کنٹینمنٹ زون میں سخت پابندیاں عائد کرنے کا حکم دیا ہے۔