سمت بھارگو +رمیش کیسر
راجوری//راجوری کے علاقوں میں پیر کو گرو نانک دیو جینتی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی اور پورے خطے کے گرودواروں میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ان تقریبات میں دنیا میں امن اور ہم آہنگی کے لئے دعائیں مانگی گئیں جبکہ لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔راجوری قصبہ کے چھٹی بادشاہی گرودوارہ میں ایک اہم تقریب کا اہتمام کیا گیا جسے سکھوں میں ایک اہم مذہبی ادارہ سمجھا جاتا ہے۔گرودوارہ پربندک کمیٹی کے آرگنائزر نے اس تقریب کا آغاز صبح کے وقت دعاؤں کے ساتھ کیا اور اس تقریب میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔زندگی کے دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے سول سوسائٹی کے افراد نے بھی اس تقریب میں شرکت کی اور دعائیں مانگیں۔نوشہرہ سب ضلع میں بھی شری گرو نانک دیو جی کا پرکاش اتسو بڑی عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔ امرتسر کے گرودوارہ صاحب چھٹی بادشاہی سے آئے ہوئے راگی جتھا بندویوں نے دربار صاحب خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا ۔سب ڈویژن میں مرکزی تقریب گوردوارہ صاحب چھٹی بادشاہی میں منعقد ہوئی جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
پونچھ کے مختلف گردواروں میں تقریبات کا انعقاد
حسین محتشم
پونچھ//سکھ مذہب کے بانی ’بابا گرونانک‘ کے 554ویں یومِ پیدائش کے مواقع پر پونچھ میں مختلف گردواروں میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلہ کے سب سے بڑی تقریب گردوارہ سنگھ سبھا پونچھ میں منعقد ہوئی۔اس دوران سی عقیدت مندوں نے گردواروں کو برقی قم قموں سے اور رنگ برنگے پھولوں سے سجا کر اپنی عقیدتوں کا اظہار کیاجو کہ بہت خوبصورت منظر پیش کر رہے تھے۔گردوارہ سنگھ سبھا پونچھ میں منعقدہ تقریب میں ضلع ترقیاتی کمشنر، ایس ایس پی کے علاوہ دیگر ضلعی انتظامیہ، پولیس انتظامیہ اور فوج کے افسران نے بھی شرکت کی اور سکھ بھائیوں کو مبارکباد پیش کی۔تقریب کے دوران مقامی اور غیر مقامی راغی جتھوں نے شہبت کرتن کیا جبکہ مقررین خطاب کرتے ہوئے گرو نانک جی کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی اس دوران احاطہ صاحب میں بڑے لنگر کا بھی انعقاد کیا گیا تھا جس میں بلالحاظ مذہب و ملت رنگ ونس لوگوں نے کھانا تناول فرمایا۔ ضلعی گردوارہ پربندھک کمیٹی کے صدر سردار نریندر سنگھ نے کہا اس سال پہلے گرو گرو نانک دیو جی کا 554 واں پرکاش پرو منایا جا رہا ہے۔ سنہ 1469 میں کارتک پورنما کے دن گرو نانک دیو کی تالونڈی کے ننکانہ صاحب میں ولادت ہوئی تھی۔ کارتک پورنما کے دن ہر سال سکھ سماج کے علاوہ دیگر پنجابی فرقے سے تعلق رکھنے والے افراد بھی گرو نانک دیو کی یوم پیدائش کو پرکاش پرو کے طور پر مناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع پونچ کے شہر خاص اور مختلف گردواروں میں بھنڈاروں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سکھ سماج گورو نانک دیو کی مانو سیوا کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے صدیوں سے لوگوں کی خدمات انجام دیتے ہوئے اس پیغام کو عام کر رہے ہیں اور یہ سلسلہ جاری اور ساری ہے۔