راجوری میں کنٹرول لائن پر گولیوں کا تبادلہ،فوجی اہلکارہلاک، تین زخمی

سرینگر/ضلع راجوری میں کنٹرول لائن پر سوموار کو بھارت اور پاکستان کی افواج کے درمیان گولیوں کا بھاری تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تازہ گولی باری کا یہ واقع سندربنی سیکٹر کے کیری بٹل علاقے میں پیش آیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی طرف سے چلائی جانے والی گولیوں کی زد میں آکر چار فوجی اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا اور جہاں ایک فوجی زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستان کی طرف سے آج صبح جنگ بندی کی خلاف ورزی ہوئی اور اُس کی افواج نے بھارتی ٹھکانوں کومارٹر شیلنگ کا نشانہ بنایا۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فائرنگ کا مناسب جواب دیا گیا ہے اور اس وقت علاقے میں خاموشی چھائی ہے۔