عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری پولیس اسٹیشن کی پولیس ٹیم نے چوری کا معاملہ حل کرتے ہوئے اس واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئی ہیں۔پولیس نے بتایا کہ سید ابرار حسین ولد صابر حسین شان نے پولیس کے سامنے تحریری شکایت درج کرائی کہ کچھ نامعلوم افراد نے اس کی موٹر سائیکل جس کا رجسٹریشن نمبر JK11E 6764 مسجد کے قریب کھیورہ سے چوری کر لیا ہے۔اس کے مطابق ایف آئی آر 528/2023 U/Ss 379 IPC میں پولیس اسٹیشن راجوری میں ایک مقدمہ درج کیا گیا اور ایس ایچ او اعجاز وانی کی سربراہی میں ایک پولیس ٹیم نے تفتیش شروع کی۔دوران تفتیش ایک ملزم جو کہ نابالغ تھا (نام ظاہر نہیں کیا گیا) کو پکڑا گیا جس نے دوران تفتیش اپنے ایک ساتھی محمد سلیم ولد محمد یوسف سکنہ سرانو کے ساتھ مل کر جرم کرنے کا اعتراف کیا۔پولیس نے بتایا کہ دونوں ملزمان کو قانون کے مطابق کارروائی کے بعد فوری کیس میں گرفتار کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ اب تک، ان کے انکشاف پرکھیورہ سے ایک چوری سمیت سات موٹرسائیکلیں برآمد اور ضبط کی گئی ہیں۔معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اور تحقیقات آگے بڑھنے پر مزید بازیابی کا امکان ہے۔