سمت بھارگو
راجوری// راجوری ضلع کے منور گالا علاقہ میں ایک بس پر پتھر گرنے سے 6افراد زخمی ہوئے جبکہ درجن بھر باقی افراد کی جان بال بال بچی۔یہ حادثہ راجوری کوٹرنکا سڑک پر منور گالا مقام پر پیش آیا جس کے بعد سبھی زخمیوں کو راجوری ہسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ایک کینٹر بس JK02AK۔2186 مندر گالا سے راجوری کی طرف آ رہی تھی جب منور گالا مقام پر اس بس پر تیز بارش کے بیچ ایک بڑا پتھر آگرا۔یہ پتھر گاڑی کے اگلے حصے سے ٹکرایا اور اس واقعے میں چھ افراد زخمی ہوئے جنہیں موقع پر سے مقامی لوگوں نے راجوری میڈیکل کالج منتقل کیا۔ڈاکٹروںکے مطابق ان سبھی زخمیوں کا علاج ہسپتال میں کیا جا رہا ہے اور فی الحال یہ سب لوگ خطرے سے باہر ہیں۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس حادثے میں درجن بھرمسافروں کی جان بال بال بچی کیونکہ یہ بڑا پتھر گاڑی کے اگلے حصے سے ٹکرایا جبکہ زیادہ تر سواریاں گاڑی کے درمیانی و پچھلے حصے میں بیٹھی ہوئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ پتھر گاڑی کے درمیانی یا پچھلے حصے سے ٹکرا جاتا تو نہ صرف زخمی مسافروں کی تعداد زیادہ ہوتی بلکہ یہ گاڑی سڑک کنارے کھائی میں بھی پلٹ سکتی تھی۔