راجوری میں این آئی اے کی چھاپہ ماری، کئی افراد سے پوچھ تاچھ،کوئی گرفتار نہیں

راجوری//قومی تحقیقاتی ایجنسی  این آئی اے کی ایک ٹیم نے منگل کے روز راجوری میں ملی ٹینسی نیٹ ورک کے ایک معاملہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔معتبر ذرائع نے بتایا کہ یہ ٹیم منگل شام کو راجوری پہنچی اور مقامی پولیس کے ہمراہ وارڈ نمبر 9میں ایک شخص کے رہائشی مکان پر پہنچی ، ان کے ہمراہ ایک نقاب پوش شخص بھی تھا۔گھر کے مکینوں سے پوچھ تاچھ کے بعد این آئی اے ٹیم وہاں سے رخصت ہو گئی ۔ اگر چہ مقامی پولیس کے افسران بھی ٹیم کے ہمراہ تھے تاہم تفتیش این آئی اے تک ہی محدود رہی ہے ۔ این آئی اے کے دورۂ راجوری کے بارے میں دریافت کئے جانے پر ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے ملک کے مختلف حصوں میں حال ہی میں ملی ٹینسی ماڈیول بے نقاب کئے تھے ، جانچ پڑتال کے دوران ان کے کچھ تار راجوری کے ساتھ جڑے ہوئے پائے گئے تھے، ان روابط کی تلاش کرنے کے لئے راجوری میں بھی تحقیقات کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال اس معاملہ کی تحقیقات جاری ہے ۔