عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //راجوری ٹاؤن میں آوارہ کتوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور ان پر قابو پانے کے لئے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں یہ کتوں کے جھنڈ لوگوں کے لئے خوف اور خطرے کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ خاص طور پر بچے اور بزرگ شہری ان کتوں کے حملوں کا شکار ہو رہے ہیں، جس کی وجہ سے مقامی لوگوں میں تشویش بڑھ رہی ہے۔ لوگوں کا مطالبہ ہے کہ انتظامیہ فوری طور پر آوارہ کتوں کے مسئلے پر نمٹنے کیلئے کام کرئے تاکہ شہر کی سڑکیں محفوظ بنائی جا سکیں۔مقامی باشندوں کے مطابق، کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نہ صرف لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہی ہے بلکہ شہر میں صفائی اور حفظان صحت کے مسائل کو بھی جنم دے رہی ہے۔ آوارہ کتوں کی وجہ سے سڑکوں پر گندگی اور ماحول میں بدبو پھیل رہی ہے، جس سے شہریوں کی روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔والدین نے کہاکہ صبح کتوں کی ایک بڑی تعداد گلیوں میں ہوتی ہے جس کی وجہ سے ان کے سکول جاتے بچوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ کتوں کی تعداد پر کنٹرول کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔