راجوری قصبہ کی بائی پاس سڑک انتہائی خستہ

سمت بھارگو
راجوری//راجوری میں ایڈوانس لینڈنگ گراؤنڈ (ALG) بائی پاس روڈ کی خراب حالت اور محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی )کی جانب سے گڑھے بھرنے میں ناکامی راجوری کے مکینوں کیلئے مصیبت کا باعث بنی ہوئی ہے جبکہ مقامی لوگوں و ٹرانسپورٹروں نے اس سڑک کی جلد ازجلد مرمت کا مطالبہ کیا ہے ۔اس سڑک کاکچھ حصہ راجوری شہر سے بی جی ایس بی یونیورسٹی روڈ کا حصہ ہے اور اسے پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کے ذریعے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے لیکن تکنیکی منظوری اور انتظامی منظوری کی ضرورت کی وجہ سے اس پراجیکٹ پر کام لٹکا ہوا ہے۔راجوری کے لوگوں نے بتایا کہ اس سڑک کا زیادہ تر استعمال بی جی ایس بی یونیورسٹی موڑ سے ڈھنی دھارکے درمیان ہے کیونکہ یہ گورنمنٹ میڈیکل کالج اور راجوری شہر کے کئی علاقوں سے بھی جڑتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس کے لگ بھگ تین سو میٹر سڑک کی حالت ابتر ہے جبکہ متعلقہ حکام کی لاپرواہی کی وجہ سے سڑک گہرے کھڈوں میں تبدیل ہو گئی ہے ۔اکشے پنڈت نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ مذکورہ سڑک پر حاملہ خواتین و فریکچر والے مریضوں کو لے جانا انتہائی مشکل ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ لوگ روزانہ کی بنیاد پر متاثر ہو رہے ہیں کیونکہ اس متبادل سڑک کی دوسری مرکزی سڑک سنگل لین ٹریفک کی پابندیوں کی زد میں ہے اور لوگوں کے پاس اس خستہ حال سڑک پر آنے جانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے اس معاملے میں مداخلت کرنے اور سڑک کا کام دوبارہ شروع ہونے تک کھڈوں کو بھرنے کا مطالبہ کیا ۔