راجوری ضلع میں کووڈ کی اچانک اونچی چھلانگ | ایک دن میں ریکارڈ 85افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے

راجوری//راجوری ضلع میں بدھ کے روز کورونا وائرس کیسوں میں سب سے زیادہ اچھال آیا ۔محکمہ صحت کی جانب سے شروع کی گئی ٹیسٹنگ کے دوران ضلع میں ایک دن کے ریکارڈ 85کووڈ معاملا ت سامنے آئے ہیں جن میں محکمہ صحت کے ملازمین بھی متاثر پائے گئے ہیں ۔ضلع انتظامیہ راجوری کے مطابق بدھ کو کل 85 نئے کووِڈ 19 کیس درج کیے گئے ہیں جو پچھلے چھ ماہ میں ایک دن میں سب سے زیادہ کیس ریکارڈ کئے گئے ہیں۔زیادہ تر کیس منجاکوٹ ہیلتھ بلاک کے ہیں جس میں راجوری قصبہ کا علاقہ بھی شامل ہے۔اس سرحد بلاک میں سے چونتیس کیس ریکارڈ کئے گئے ہیں ۔انتظامیہ کے مطابق درہال  میڈیکل بلاک میں پچیس، کالاکوٹ میں گیارہ، نوشہرہ میں چھ اور سندر بنی میڈیکل بلاک میں نو کیس درج کئے گئے ہیں۔ان نئے کیسوں میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ میں بھی مہلوک وباء کی تشخیص ہوئی ہے ۔اس کے ساتھ ہی راجوری ضلع میں چار ڈاکٹروں اور دیگر رینک کے صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں بھی متاثر ہوئے ہیں ۔دوسری طرف موبائل کووڈ 19 ٹیسٹنگ ٹیموں کے ساتھ ضلع بھر میں جارحانہ ٹیسٹنگ بھی جاری ہے تاکہ روزانہ کی بنیاد پر زیادہ تعداد میں ٹیسٹ کر سکیں۔محکمہ صحت کے ایک عہدار نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر راجوری کی ہدایت پر جانچ کے طریقہ کار کو مضبوط کیا گیا ہے اور ضلع بھر میں جارحانہ جانچ کے ساتھ ٹیسٹوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے اور یہ کیسوں کی تعداد میں اضافے کی ایک بڑی وجہ ہے۔