راجوری //سرحدی ضلع راجوری میں جموں چیمبر کی جانب سے دی گئی بند کال کااثر نہیں پڑا ۔جموں چیمبر آف انڈسٹری اینڈ کامرس کی جانب سے ریلاینس کمپنی کے سٹوروں کو لے کر دی گئی بند کال کے سلسلہ میں جہاں جموں شہر میں مکمل بند رکھا گیا وہائیں راجوری ضلع میں مذکورہ ہڑتال کا کوئی اثر دیکھا ئی نہیں دیا ۔راجوری قصبہ میں گزشتہ روز صبح سے ہی تمام تجارتی مراکز کو پوری طرح سے کھول دیا گیا جبکہ تجارتی سرگرمیاں معمول کے مطابق کے چلتی رہی جبکہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد بھی خریداری کے سلسلہ میں قصبہ میں پہنچی ۔صارفین نے بتایا کہ قصبہ میں تجارتی مراکز معمول کے تحت ہی چلتے رہے ۔وجے شرما نامی ایک تاجر نے بتایا کہ بیوپار منڈل کی جانب سے ان کو بند کے سلسلہ میں کوئی جانکاری نہیں ملی ۔ضلع کے لگ بھگ ہر ایک قصبہ میں دکانیں کھولی رہی اور لوگوں کی آمد بھی معمول کے تحت بحال رہی ۔