سمیت بھارگو
راجوری// راجوری قصبہ کے نزدیک ٹھنڈی کسی میں بدھ کی صبح پیش آنے والے ایک سڑک حادثے میں پوسٹ گریجویٹ کالج راجوری میں زیر تعلیم21 سالہ لڑکا ہلاک ہو گیا جبکہ 14نوعمر طلباء سمیت 23 افراد زخمی ہو گئے۔حادثے میں دو کاروں اور ایک مسافر بس سمیت کم از کم تین گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔پولیس کے مطابق ایک کنٹر بس زیرنمبرJK11A۔ 3415 منجاکوٹ سے راجوری شہر جا رہی تھی کہ صبح تقریباً 8:30 بجے بس راجوری شہر سے تقریباً پانچ کلومیٹر پہلے ٹھنڈی کسی میں واقع رادھا سوامی آشرم کے سامنے ہائی وے پر پلٹ گئی۔اس دوران دو دیگر گاڑیاں، دونوں کاریں بھی بس سے ٹکرا گئیں۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہ حادثہ مبینہ طور پر اس وقت پیش آیا جب ہائی وے پر ایک کار غلط سائیڈ سے آرہی تھی اور کینٹر بس کا ڈرائیور گاڑی سے تصادم کو بچانے کی کوشش کرتے ہوئے گاڑی پر سے اپنا کنٹرول کھو بیٹھا جس سے ہائی وے کے درمیان گاڑی پلٹ گئی۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ غلط سائیڈ سے آنے والی کار اور مخالف سمت سے آنے والی ایک اور کار بھی مسافر گاڑی سے ٹکرا گئی۔دوسری جانب پولیس حکام نے بتایا کہ حادثے میں24 افراد زخمی ہوئے جنہیں جی ایم سی ہسپتال راجوری لے جایا گیا جہاں ایک زخمی محمد وسیم (21سال) ولد محمد اشفاق ساکنہ نیالی منجاکوٹ کو مردہ قرار دیاگیا۔متوفی گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج راجوری کا طالب علم تھا۔جی ایم سی ایسوسی ایٹیڈہسپتال راجوری کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود ایچ بجاڑنے بتایا کہ 23 زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا جن میں سے زیادہ تر زخمیوں کو متعدد زخم آئے ہیں لیکن سبھی خطرے سے باہر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹروں کی ٹیمیں باقاعدگی سے مریضوں کی عیادت کر رہی ہیں اور انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔ زیر علاج 23 زخمیوں میں 14سکول کے طالب علم ہیں اور اپنےسکول پہنچنے کے لیے مسافر بس میں سفر کررہے تھے۔زخمیوں میں الصباح صادق (18) دختر محمد صادق ساکن حیات پورہ منجاکوٹ، سلطانہ مرزا (17) دختر سجاد مرزا ساکن جمولا منجاکوٹ، شاہنواز احمد (30) ولد بشیر احمد ساکن ٹھنڈاپانی، مہوش کوثر (17) دختر محمد یونس ساکنہ حیات پورہ، صادق کوثر (15)دختر عبدالمجید ساکن ٹھنڈاپانی، سونیا (17) دختر محمد یونس ساکن ککورہ، شمیم اختر (30) زوجہ جاوید اقبال ساکن منجاکوٹ، محمد عرفان (18)ولد محمد حنیف ساکن پنج گرائیں، ابرار عزیز (14) ولد عبدالعزیز ساکن منجاکوٹ، محمد عارف (30) ولد فضل حسین ساکن منجاکوٹ، منوج کمار (28) ولد اومی چند ساکن دسل، شہناز بیگم( 25) زوجہ لیاقت علی ساکن ٹھنڈاپانی، طاہرہ کوثر (17)دختر محمد اسلم ساکن نیالی منجاکوٹ، محمد یونس (50) ولد محمد حسین ساکن کترمل، حسن رضا (13) ولد جاوید اقبال ساکن نیالی، دانش چودھری (22) ولد الطاف چودھری ساکن کترمل، محمد فیضان (27) ولد محمد خان ساکنہ نیالی، راج کمار (47) ولد کستوری لال ساکنہ سسل کوٹ، طیبہ کوثر (17) دخترکبیر حسین ساکنہ کٹرمل، سعدیہ ریاض (15) دختر محمد ریاض ساکن ککورہ، شگفتہ کوثر (14) دختر کبیر حسین ساکن کترمل، محمد وسیم (21) ولد محمد اشفاق ساکن نیالی منجاکوٹ، حلیمہ سعدیہ (16) دختر جمیل حسین سکنہ کترمل اور ابرار احمد (17) ولد محمد منشی سکنہ کترمل شامل ہیں۔دوسری طرف پولیس نے پولیس پوسٹ راجوری سٹی میں معاملے کی تحقیقات اور قانونی کارروائی شروع کر نے کیلئے کیس درج کیا ہے۔
ڈی سی کا جی ایم سی دورہ،زخمیوں کی عیادت کی
عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری وکاس کنڈل نے ٹھنڈی کسی علاقے میں ایک منی بس حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔سڑک حادثے کی اطلاع ملنے کے فوراً بعد زخمی مسافروں کا حال جاننے کے لیے جی ایم سی اینڈ اے ایچ پہنچے۔ ڈی سی نے زخمیوں کی عیادت کی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بہترین علاج اور مناسب مدد کی یقین دہانی کرائی۔ڈپٹی کمشنر نے زخمیوں کے ساتھ ان کی خیریت دریافت کی اور تسلی اور حوصلہ افزائی کی ۔انہوں نے طبی ٹیم کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو انتہائی جامع اور موثر علاج فراہم کیا جائے، پیچیدگیوں کے خطرے کو کم سے کم کیا جائے اور صحت یابی کے لیے ہموار راستے کو یقینی بنایا جائے۔ڈی سی نے زخمیوں اور ان کے اہل خانہ سے دل کی گہرائیوں سے وعدہ کیا اور انہیں یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، اس مشکل اور آزمائش کی گھڑی میں غیر متزلزل مدد اور درکار تمام ضروری مدد فراہم کرے گی۔
راجوری حادثہ پرشبیر خان مغموم
عظمیٰ نیوز سروس
جموں// کانگریس نے راجوری ضلع میں بدھ کو ایک منی بس اور کار کے درمیان تصادم میں ایک شخص کی موت اور 23 دیگر کے زخمی ہونے پر صدمے کا اظہار کیا ہے۔ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر شبیر احمد خان نے سوگوار خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔انہوں نے مرنے والوں اور زخمیوں کے لواحقین کو مناسب معاوضہ / ایکس گریشیا دینے کا مطالبہ کیا۔