راجوری اور پونچھ کے7علاقوں میں تلاشیاں مشتر کہ آپریشن کے دوران 3 مشتبہ افرادگرفتار

 سمت بھارگو

راجوری //سیکورٹی فورسز نے جموں و کشمیر کے راجوری اور پونچھ اضلاع کے جنگلاتی علاقوں میں مشتبہ ملی ٹینٹوں کا صفایا کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کرتے ہوئے 3 افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا۔حکام نے بتایا کہ راجوری کے بدھل، تھنہ منڈی، سندر بنی، اور کالاکوٹ کے علاوہ پونچھ کے مینڈھر علاقے کے مختلف حصوں میں پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی مشترکہ تلاشی کارروائیاں جاری رہیں۔انہوں نے بتایا کہ اتوار کی شام بدھل میں باروٹے سے تین افراد کو پوچھ گچھ کے لیے اٹھایا گیا تھا۔حکام نے بتایا کہ پیر کی صبح سے مراد پور، بٹونی، گھائی بھاول (سندربنی)، کالاکوٹ میں تتہ پانی بروہ، منجاکوٹ میں گھمبیر مغلاں، اور راجوری میں راجدھانی- تھانہ منڈی میں تلاشی کارروائی جاری رہی۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز پونچھ ضلع کے مینڈھر سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے قریب گورسائی، جبران والی گلی، سروتی اور اری گائوں میں بھی آپریشن میں مصروف ہیں۔حکام نے بتایا کہ یہ کارروائیاں جنگلاتی علاقوں میں مشتبہ نقل و حرکت سے متعلق اطلاعات کے بعد شروع کی گئیں۔جڑواں سرحدی اضلاع میں 22 اور 23 نومبر کو راجوری کے دھرمسال بیلٹ کے بجیمال علاقے میں شدید گولی باری کے بعد تلاشی کا عمل تیز کر دیا گیا تھا جس میں دو کیپٹن سمیت پانچ فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔لشکر طیبہ سے وابستہ دو پاکستانی ملی ٹینٹوں کو 36 گھنٹے طویل مقابلے میں مارا گیا تھا۔2 دسمبر کو ایسی ہی ایک کارروائی میں، سیکورٹی فورسز نے درہال کے علاقے ٹوپا ہل ٹوک میں 5 کلو گرام دیسی ساختہ دھماکہ خیز ڈیوائس کا پتہ لگایاجسے بعد میں تباہ کر دیا گیا۔