راجوری اور پونچھ میں یوم جمہوریہ کی فل ڈریس ریہرسل کی گئی

راجوری //راجوری اور پونچھ اضلاع میں منگل کو یوم جمہوریہ کی تقریبات کی فل ڈریس ریہرسل کا انعقاد کیا گیا۔ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یوم جمہوریہ کی تقریبات کیلئے فل ڈریس ریہرسل منگل کو راجوری میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی اور اسے ضلع مجسٹریٹ وکاس کنڈل کی مجموعی نگرانی میں منعقد کیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری، سچن دیو سنگھ نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں پولیس بینڈ کے علاوہ پولیس، سی آر پی ایف، فارسٹ پروٹیکشن فورس، این سی سی، اور مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء کے دستے کے ایک متاثر کن مارچ پاسٹ میں سلامی لی۔پونچھ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طاہر مصطفی ملک نے سپورٹس سٹیڈیم پونچھ میں فل ڈریس ریہرسل کے موقع پر قومی پرچم کو سلامی لی اور لہرایا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے پریڈ دستوں کی کارکردگی اور قومی دن کی تقریبات کیلئے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔پونچھ شہر اور اس کے اطراف کے مختلف سرکاری اور نجی اسکولوں کے طلباء نے ثقافتی شو پیش کیا۔ریہرسل کے دوران ایڈیشنل ایس پی پونچھ مشیم احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔