راجوری اور پونچھ میں مہا شیو راتری کا تہوار عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا

راجوری +پونچھ //خطہ پیر پنچال کے دوران سرحدی اضلاع کی بیشتر جگہوں پر مہا شیو راتری کا تہوار عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا ۔اس سلسلہ میں دونوں اضلاع کے مندروں میں خصوصی پوجا کا اہتمام کیا گیا تھا جبکہ مذہبی مقامات پر منعقدہ تقریبات میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ۔غور طلب ہے کہ شیو راتری ایک ایسا تہوار ہے جو بڑے پیمانے پر راجوری اور پونچھ میں منایا جاتا ہے اس تہوار کی ابتداکیساتھ ہی مندروں و دیگر مذہبی مقامات پر خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا ۔مذہبی لیڈران نے بھگوان شیو کی تعلیمات پر روشنی ڈالی جبکہ کچھ مندروں میں امن اور ہم آہنگی کیلئے خصوصی ہوانوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔راجوری کے پنڈت اشوک کمار نے کہا کہ شیو راتری ایک دو دن کا تہوار ہے جس میں پہلے دن خاص طور پر آدھی رات کو عبادت کی جاتی ہے اور دوسرے دن بھنڈارا کا اہتمام کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہا شیو راتری راجوری اور پونچھ میں ایک اہم مذہبی تہوار ہے اور بڑے پیمانے پر منایا جاتا ہے۔ ضلع پونچھ کے صدر مقام پر تاریخی مندر شیو کھوڑی میں اوردیگر مندروں میں عقیدتمندوں کی بھیڑ تھی،جنہوں نے شیو لنگ پر دودھ اور پانی چڑھایا اوراوم نمو شوائے کے نعروں کے بیچ بیل اور بیل پتری چڑھائے گئے۔ شیو کھوڑی مندر پونچھ میں سب سے بڑی تقریب منعقد ہوئی یہاں سب سے زیادہ رونق دیکھنے کو ملی جہاں شردھالوئوں کا رش رہا۔یہاں خصوصی پوجا ارچنااور بھجن کیرتن کئے گئے اور لوگوں میں پرساد تقسیم کیا گیا۔ یہاں ہونے والے خصوصی ہون میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت، ایس ایس پی پونچھ بسکوترا اور دیگر افسران نے شمولیت کی۔ شیو کھوڑی میں علی الصبح سے ہی عقیدتمندوں کا تانتا بندھا رہا۔ تحصیل منڈی میں قائم تاریخی بڈھا امرناتھ میں بھی شیو راتری کا تہوار نہایت نمود نمائش کے ساتھ منایا گیا اور شیو مندر کو سجایا گیا اور روشن کیا گیا۔صبح سے ہی شردھالوئوںنے مندرمیں پہنچنا شروع کر دیا۔  بڈھا امرناتھ منڈی میں جموں و کشمیر کلچرل اکیڈمی سب آفس راجوری کی جانب سے ایک پرْوقار بھجن کا اہتمام کیا گیا تھا جس دوران سینکڑوں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کر کے اپنی عقیدت کے پھول نچھاور کئے ۔کلچرل اکیڈمی سب آفس راجوری کی جانب سے خطہ پیر پنچال کے مختلف بھجن گانے والے کو مدعو کیا گیا تھا جنہوں نے بھجن گا کر عقیدت مندوں کو محضوض کیا۔ اس موقہ پر ضلع پونچھ اور راجوری سے متعدد عقیدت مندوں نے بڈھا امرناتھ مندر میں حاضری دے کر ملک میں امن و امان کیلئے دعائیں مانگی۔ تقریب کے دوران جموں و کشمیر آرٹ کلچرل اینڈ لینگویجز سب آفس راجوری علمدار عدم نے کہا کہ شیوراتری کے تہورا پر ان کے محکمہ کی جانب سے 75ویں آزادی کا امرت مہا اتسو کے تحت بڈھا امرناتھ مندر منڈی میں بھجن تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔مینڈھر اور سرنکوٹ کے ملحقہ علاقوں میں مذہبی جوش و خروش کے ساتھ شیو راتری کا تہوار منایا گیا۔ضلع راجوری کے درہال، تھنہ منڈی، کالاکوٹ، سندر بنی، نوشہرہ اور ان کے ملحقہ علاقوں میں مندروں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔ اس دوران ضلع کے صدر مقام اور تمام مندروں میں شردھالوئوں کی اچھی خاصی بھیڑ کی اطلاع ہے۔دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شیو راتری کی تقریبات کے مقامات پر سیکورٹی کے مناسب انتظامات کئے گئے تھے۔