راجوری اور پونچھ میں حد متارکہ پر کشیدگی

راجوری +منجاکوٹ +مینڈھر //راجوری اور پونچھ میں حد متارکہ پر ہندوپاک افواج کے درمیان شدید کشیدگی پائی جارہی ہے اور مختلف سیکٹروں میں آر پار فائرنگ اور گولہ باری کا تازہ سلسلہ شروع ہوگیاہے جس سے نہ صرف متعدد مکانات تباہ ہوئے ہیں بلکہ مقامی آبادی سہم کر رہ گئی ہے۔ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب 9بج کر30منٹ پر راجوری کے ترکنڈی اور بھمبر گلی میں شلنگ کا سلسلہ شروع ہو ااوراس دوران 120ایم ایم کے مارٹر گولے داغے گئے ۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ ان دونوں سیکٹروں میں چار گھنٹے تک فائرنگ اور گولہ باری ہوتی رہی جس دوران پاکستانی فوج کی طرف سے بھارتی فوج کی چوکیوں کے ساتھ ساتھ رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنایاگیا۔ ذرائع نے بتایاکہ نائیکہ پنج گرائیں، ترکنڈی، پریالی، کھوڑی ناڑ، راجدھانی اور لمبی باری علاقے اس بھاری شلنگ کی زد میں آئے ۔ایک افسر نے بتایاکہ صرف لمبی باری علاقے میں 40کے قریب شیل داغے گئے اور ایک طویل عرصہ کے بعد پاکستانی فوج نے شہری علاقوں کو 120ایم ایم مارٹر شیلوں سے نشانہ بنایاہے ۔اس دوران محمد جمیل کی اہلیہ اور تین بچے بال بال بچے جب ایک 120ایم ایم والا مارٹر شیل ا ن کے مکان کی چھت کو چیرتے ہوئے اند ر آگرالیکن خوش قسمتی سے اہل خانہ کمرے کے ایک کونے میں تھے اور یہ شیل ان سے دوری پر گرا۔لمبی باری میں ایک گورنمنٹ سکول کی عمارت کو نقصان پہنچاہے جس پر بھی 120ایم ایم مارٹر شیل گراہے ۔اس کے علاوہ دیگر تین مکانات کو بھی جزوی طور پر نقصان پہنچاہے ۔صورتحال کاجائزہ لینے کیلئے ایس ڈی پی او منجاکوٹ نثار کھوجہ نے ایس ایچ او منجاکوٹ منظور کوہلی اور متعلقہ پٹواری کے ہمراہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کایقین دلایا۔وہیں ڈپٹی کمشنر راجوری محمد نذیر شیخ نے بتایاکہ محکمہ مال کے عملے کو نقصان کا جائزہ لگاکر رپورٹ پیش کرنے کاکہاگیاہے ۔ذرائع نے بتایاکہ طویل مدت کے بعد پاکستانی فوج کی طرف سے اتنے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیاگیاہے اور یہ معاملہ اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لایاگیاہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ کئی مارٹرگولے رہائشی علاقوں میں گرے تاہم خوش قسمتی سے ان سے کوئی جانی نقصان نہیںہوا۔دونوں ممالک کی افواج کے درمیان جمعرات کی شام پونچھ کے کرشنا گھاٹی ، مینڈھر اور بالاکوٹ سیکٹروں میں فائرنگ اورشلنگ کا سلسلہ شرو ع ہوگیاہے جو تادم تحریر جاری تھا۔مینڈھر کے مقامی لوگوں نے بتایاکہ شام سے شروع ہونے والی گولہ باری اس قدر شدید ہے کہ اس کی آوازیں مینڈھر قصبہ میں بھی سنائی دے رہی ہیں اور ایسا لگتاہے جیسے پورا قصبہ دہل گیاہو۔اس کے علاوہ قصبہ ، کیرنی اور شاہپور سیکٹربھی فائرنگ اور شلنگ کی زد میں ہیں ۔دریں اثناء بالاکوٹ حد متارکہ شدید آگ کی لپیٹ میں ہے اور اس سے نکلنے والا دھواں دور دور تک دکھائی دے رہاہے ۔