سمت بھارگو +حسین محتشم +عظمیٰ یاسمین
راجوری+پونچھ //راجوری اور پونچھ اضلاع میں رمضان المبارک کے جاری مقدس مہینے میں شب قدر مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی اور اس موقع پر منعقدہ مذہبی اجتماعات میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔علاقہ بھر کی مختلف مساجد میں شب قدر کے حوالے سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ان پروگراموں کی سربراہی کرنے والے مذہبی مبلغین نے مذہبی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے لوگوں سے مذہبی اقدار کو اپنانے کو کہا۔انہوں نے مذہبی اقدار اور اسلام میں شب قدر کی اہمیت پر خطبہ بھی دیا۔کیونکہ علماء کرام کی جانب سے 11 اور 12 اپریل کو تمام مساجد میں اعتکاف کی غرض سے بیٹھنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے جبکہ رمضان المبارک کی ستائیسویں شب اپنے اپنے روزوں کے مطابق منانے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا اس لئے جموں و کشمیر کے اکثر مقامات پر 17 اپریل کوشب قدر کی تقریب مذہبی جوش و جذبہ کیساتھ منائی گئی۔ اس سلسلے میں شب خوانی کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے جس میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندانِ توحید پوری رات عبادات میں محو رہے جبکہ کچھ مقامات پر 18اپریل کو بھی مساجد ، خانقاہوں اور درگاہوں میں شب خوانی کی روحانی اور عرفانی مجالس کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ شب قدر کی مناسبت سے 18 اپریل کو مشہور و معروف صوفی بزرگ بابا غلام شاہ بادشاہ رحمتہ اللہ علیہ کی زیارت شاہدرہ شریف ، غوثیہ جامع مسجد تھنہ منڈی، حنفیہ جامع مسجد تھنہ منڈی، جامع مسجد نور الایمان اسلام پور اور علاقہ کی دیگر تمام چھوٹی بڑی مساجد میں رات بھر نماز تراویح ادا کرنے کے ساتھ ساتھ پوری رات قرآن خوانی ، درس قرآن و احادیث ، نوافل کی ادائیگی کا سلسلہ جاری رکھنے کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ ان دینی مجالس کے سلسلے میں متعلقہ مساجد و خانقاہوں کی انتظامیہ کمیٹیوں نے اپنے طور پر خصوصی انتظامات کئے تھے جہاں افطار و سحر بہترین انتظامات کئے گئے تھے۔ اس موقع پر علماء کرام نے قرآن و سنت کی روشنی میں رمضان المبارک ، شب قدر اور جمعہ الوداع کے فضائل بیان کئے گئے ۔سرحدی پونچھ میں 17اپریل پیر اور منگل وار کی درمیانی شب میں شب قدر انتہائی مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا گئی۔اس دوران جہاں عاشقان محمد و آل محمد نے نعت و منقبت کے نذرانے پیش کئے وہیں علمائے کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیلتہ القدر یا شب قدر جس کے بارے میں قرآن کریم میں سورہ قدر کے نام سے ایک سورت بھی نازل ہوئی ہے، اس رات میں عبادت کرنے کی بہت فضیلت اور تاکید آئی ہے، قرآن مجید میں اس رات کی عبادت کو ہزار مہینوں سے بہتر قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لیلتہ القدر رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں سے ایک نہایت ہی بابرکت رات ہے، طاق راتوں کی تعداد 5 ہے جن میں سے کوئی بھی رات لیلتہ القدر ہو سکتی ہے اور اس شب کو تلاش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں کسی بھی طاق رات کو شب قدر ہو سکتی ہے لیکن زیادہ تر رمضان المبارک کی 27 ویں شب کو ہی لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ شب قدر ہے۔ شب قدر کے دوران سرحدی ضلع پونچھ کی مختلف مساجد میں خصوصی عبادات اور چراغاں کا انتظام کیا گیا ہے، نماز تراویح کے بعد ذکر اذکار، تلاوت کلام پاک ، صلوٰتہ و تسبیح سمیت دیگر عبادات کی گی۔